اسلام آباد(ویب ڈیسک) سجادہ نشین بری امام پیر سید علی گیلانی سے عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری نے ملاقات کی جس میں سجادہ نشین بری امام سید علی گیلانی نے عام انتخابات میں عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔زلفی بخاری سے ملاقات میں سجادہ نشین بری امام سید علی گیلانی
کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کے منشور سے مکمل ا تفاق کرتے ہیں اور اسلام آباد میں عمران خان کی مکمل حمایت کریں گے۔اس موقع پر عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ سجادہ نشین بری امام سرکار پیر سید علی گیلانی کی حمایت کرنے پر مشکور ہیں ۔دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر عام انتخابات کے نتیجے میں معلق پارلیمان بنتی ہے تو یہ ملک کے لیے بڑی بدقسمتی ہو گی۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹر ویو دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کو ایک طاقتور پارلیمان کی ضرورت ہے جب کہ معلق پارلیمان ہمیشہ کمزور ہوتی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنما کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں اس لیے دونوں جماعتوں کے ساتھ حکومتی اتحاد بنانے سے بہتر ہے کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھیں۔دوسری جانب بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عام آدمی کے ساتھ وہ کیا گیا جو دشمن بھی نہیں کرتا۔ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکمرانوں کے بچوں کا رہن سہن دیکھیں اور دوسری طرف عوام کی بڑی تعداد غربت کی لکیر کے
نیچے رہ رہے ہیں اس لیے جو 25 جولائی کو ووٹ نہیں دے گا وہ خود غرضی کی زندگی گزار رہا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ جو حکومت بھی جاتی ہے وہ دو چیزیں چھوڑ کر جاتی ہے، ایک خالی خزانہ اور دوسرا مولانا فضل الرحمان۔انہوں نے کہا کہ یہاں 90 فیصد ٹیکس عوام سے لیا جاتا ہے لیکن عوام کا پیسہ چوری ہونے کی وجہ سے عوام پر ٹیکس میں اضافہ ہو جاتا ہے اور ملک پر عائد قرضہ عوام کو ادا کرنا ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 10 سال پہلے ڈالر 60 روپے کا تھا جو آج 130 روپے تک پہنچ گیا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ شریف خاندان نے میٹرو مال بنانے کے لیے بنائی، ملتان میٹرو پر 60 ارب روپے خرچ ہوئے لیکن وہاں خالی بسیں چلتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جو اداروں کو ٹھیک نہیں کر سکتا وہ کرپشن نہیں روک سکتا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی اپنی باریوں میں کرپشن نہیں روک سکے تو اب کیا کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخوا میں پولیس کا محکمہ ٹھیک کیا، آج خیبرپختونخوا کی پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہے، وعدہ کرتا ہوں پاکستان کو قرضوں کی دلدل سے نکال کر دکھائیں گے۔عمران خان نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ نے 5 سال میں کسانوں کا معاشی قتل کیا ہے لیکن ہم کاشت کاروں کو پیسے نہ دینے والی ملوں کو بلیک لسٹ کریں گے۔