راولپنڈی(نیوزڈیسک) ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں لیگی امیدوار حنیف عباسی کے خلا ف کیس کا فیصلہ آج سنایا جانا ہے جس کے لئے انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے وکیل صفائی کو دن 12 بجے تک دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق لیگی امیدوار حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی سماعت انسداد منشیات کی خصوصی عدالت
میں جاری ہے اور کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج سردارمحمداکرم کررہے ہیں۔اس موقع پر حنیف عباسی کے وکیل تنویراقبال کا دلائل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ مقدمے کااندراج بھی ٹھیک نہیں ہوا کیونکہ نائن سی کامقدمہ بنتاہی نہیں، اے این ایف ٹےکے غلط استعمال کابھی الزام لگارہی ہے اگراے این ایف کومزیدکوئی وضاحت چاہئے تودینے کوتیارہیں، میرے موکل پرغلط الزام لگایاگیا،ایفی ڈرین منشیات کے زمر ے میں نہیں آتی۔حنیف عباسی کے وکیل تنویراقبال کا مزید کہنا تھا کہ قانون کے تحت ایسے کیس میں شک کافائدہ دیتے ہوئے ملزم کوبری کیاجاسکتاہے۔جس پرخصوصی عدالت نے وکیل صفائی کو دن 12 بجے تک دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو ایفی ڈرین کوٹہ کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو سنانے کا حکم دیا تھا جس پر حنیف عباسی نے سپریم کورٹ میں فیصلے کی تاریخ میں توسیع کی درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ فیصلہ الیکشن کے بعد سنایا جائے لیکن سپریم کورٹ میں دائر درخواست واپس لینے کی بنااسے خارج کردیا گیا تھا۔