اسلام آباد (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد کسی بھی سیاسی جماعت کو اکثریت نہیں ملے گی۔ تحریک انصاف قومی اسمبلی میں زیادہ نشستیں لے گی تاہم وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہو گی اور آزاد امیدواروں کی منڈی لگے گی۔
ملک کو درپیش خطرات اور اقتصادی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ موجودہ درپیش مسائل سے کوئی بھی سیاسی جماعت اکیلے نمٹنے کی پوزیشن میں نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے کیا۔ انہو ں نے کہا کہ جیپ کے نشان کا کسی ادارے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کا مشکل ترین الیکشن ہے اور انتخابات میں کامیابی کے بعد حکومت بنانے والی پارٹی کو مشکل ترین اقتصادی صورتحال کا سامنا ہو گا۔ جبکہ گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاتھا کہ جنہوں نے بے وفائی کی انہیں سبق سکھانا ضروری ہے، میرے سیاسی ٹکڑوں پر پلنے والوں کا انتخابی نشان شیر نہیں بلی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پچیس جولائی کو کسی اور کی بارات میں بینڈ باجا مت بجانا، اصل بارات ٹیکسلا سے ہی نکلے گی۔انہوں نے کہا کہ بے وفائی کرنے والوں کو سبق سکھائیں گے، ٹیکسلا کی عوام اپنا فیصلہ 25 جولائی کو سنائیں گے، واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ پچیس جولائی کو شیر بھی ڈھیر ہوجائے گا،
جیپ پر ایسے ٹھپے لگاؤ کہ ن لیگ کی سیاست ہی ختم ہوجائے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز سابق وفاقی وزیر داخلہ نے فتح جنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف پر مشکل ان کی اپنی غلطیوں کی وجہ سے آئی ہے، ان کو کہا بھی تھا کہ میاں صاحب دشمنیاں نہ بڑھائیں، عدلیہ کی تضحیک نہ کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان کا نہایت اہم الیکشن ایک ہفتے بعد ہونے والا ہے، اگلے 5 سال ملک کی باگ ڈور کس کے ہاتھ میں ہوگی یہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے، یقین ہے آپ جیپ پر سوار ہوں گے اور اسے اوور لوڈ بھی کریں گے، 1985 سے الیکشن لڑ رہا ہوں اور جیت بھی رہا ہوں۔ جبکہ گزشتہ روز ان کا کہنا تھا سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو 25 جولائی کے بعد گھمبیر حالات کا سامنا ہوگا، سیاست دان ملک کا بھلا چاہتے ہیں تو دست وگریباں ہونا چھوڑ دیں۔منگل کو ٹیکسلا کے سی بی گرانڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے بعد ملک کو گھمبیر حالات سے گزرتا ہوا دیکھ رہا ہوں، سیاست دان آپس میں لڑنا چھوڑ دیں۔انہوں نے کہا کہ میرے مخالف امیدوار سے کہو وہ اپنی کارکردگی بتائے، اس علاقے میں ن لیگ کی اینٹ اینٹ میں نے رکھی، جو کونسلر کا الیکشن نہیں لڑسکتے وہ بھی (ن )لیگ کےساتھ ہیں۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ الیکشن کردار اور کارکردگی کی بنیاد پر ہوتا ہے، اس حلقے سے ہارنے کے باوجود ترقیاتی کام کرائے، میرے متعلق یہاں کے عوام جانتے ہیں۔