Saturday November 16, 2024

کیپٹن صفدر سے متعلق جیل سےافسوسناک خبر آگئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان نے بھی نوازشریف‘ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سے ملاقات کی،کیپٹن(ر) صفدر جو ہارٹ کے مریض ہیں انہیں کھڑکی کے بغیر سیل میں رکھا گیا ہے اور قید تنہائی میں ہیں۔ڈاکٹر عدنان نے کہا کیپٹن صفدر کی موجودہ دل کی حالت باعث تشویش ہے۔ڈاکٹر عدنان خان نے

ملاقات کے بعد بتایا سابق وزیراعظم اور انکی بیٹی کا جذبہ بلند تھا تاہم وہ جیل کی حالت، گرم موسم کے باعث کمزور دکھائی دیئے۔ مریم نواز جیل میں نیلسن منڈیلا کی سوانح عمری پڑھ رہی ہیں، انہیں دیگر عورتوں سے دور رکھا گیا ہے اور ان کو خواتین سے ملنے کی اجازت نہیں۔ وہ جیل حکام کی طرف سے دیئے گئے 2 مشقتیوں کو دیکھ سکتی ہیں۔ڈاکٹر عدنان خان نے بتایا نوازشریف صبح کے وقت سب سے پہلے قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہیں۔ ملاقاتوں کے لئے خاندان کے افراد کو جیل کے گیٹ کے قریب کانفرنس روم میں لایا جاتا ہے اور ملاقات کرنے والے افراد کی تلاشی بھی لی جاتی ہے۔ سابق وزیراعظم کو سونے کے لئے بستر دیا گیا ہے۔انہوں نے سیلنگ فین کے ساتھ فرشی پنکھے کی درخواست کی لیکن ابھی تک اجازت نہیں دی گئی۔ اس سے قبل نوازشریف کو گھر سے ادویات منگوانے کی اجازت نہیں تھی لیکن بعد میں صرف پیکٹس میں دوا منگوانے کی اجازت دیدی گئی۔ نسخہ لکھنے اور نوازشریف کو دینے کی اجازت ہے تاکہ وہ جان سکیں کہ دوا کب لینی ہے۔ نوازشریف، کیپٹن (ر) صفدر‘ مریم نواز اتوار کے بعد کانفرنس روم میں ملے۔ اس کے علاوہ انہیں ایک دوسرے سے ملنے کی اجازت نہیں۔ مریم نواز اڈیالہ جیل میں ہی اپنے والد اور خاوند کے ساتھ رہنے کے لئے پرعزم ہیں اور انہوں نے سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

FOLLOW US