لاہور (نیوزڈیسک) معروف کالم نگار الطاف حسن قریشی کا اپنے ایک کالم میں کہنا ہے کہ ہر ادارہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان پر مہربان ہے۔تفصیلات کے مطابق معروف کالم نگار الطاف حسین قریشی کا اپنے ایک کالم “مہلت کے فقط پانچ دن” میں کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کو یہ پیغام ملا ہے کہ ایک بڑی سیاسی جماعت کی قیادت انتخابی عمل سے
باہر کر دی گئی ہےیہی وجہ ہے عمران خان اب تواتر سے بیان دے رہے ہیں کہ 2018ء کے انتخابات ان کے ہیں۔اور انہیں وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔الطاف حسن قریشی کا اپنے کالم میں مزید کہنا ہے کہ عمران خان واقعی قسمت کے دھنی ہیں کہ اُن پر چاروں طرف سے انعامات کی بارش ہو رہی ہے۔ انہوں نے فوج کی تعریف میں ارشاد فرمایا کہ صرف وہی ایک شفاف ادارہ ہے۔اس جملے سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ خاں صاحب کو پاکستان کی بہادر افواج پر کس قدر اعتماد ہے۔یہی اعتماد اُنہیں 2014ء میں اسلام آباد لے آیا تھا اور انہوں نے ایمپائر کی انگلی اُٹھنے کے انتظار میں کاروبارِ مملکت منجمد کر دیا تھا۔ ہماری عدلیہ بھی اُن پر بڑی مہربان ہے جس نے اُنہیں ’صادق اور امین‘ ہونے کی سند عطا کر دی ہے۔ ہمارا الیکشن کمیشن بھی انہیں بہت پسند کرتا ہے، اِسی لیے تحریک ِانصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کے مقدمے میں فیصلہ دینے کے لیے اس کا دل نہیں مانتا۔’اچھے آدمی‘ کی سبھی قدر کرتے ہیں۔ یہی سبب ہے کہ اُن کے اشتعال آمیز اور تہذیب سے گرے ہوئے بیانات بھی ’کلاسیکل‘ معلوم ہوتے ہیں اور کانوں میں رس گھولتے ہیں۔ اُن کا ایک بیان بار بار ٹی وی چینلز پر گونج رہا ہے کہ ’’میں تمہیں نہیں چھوڑوں گا، تمہاری گردن میرے ہاتھ میں آ گئی ہے، اب میں تمہیں اپنے ہاتھوں سے پھانسی دوں گا۔‘‘ میں سوچنے لگتا ہوں کہ یااللہ! ہم جس شخص کو وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر جلوہ افروز دیکھنا چاہتے ہیں، وہ کیا کہہ رہے ہیں۔