اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ”موجودہ حکومت مجھے زہر دینے کے لیے شہباز گل کو ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔“ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق اسلام آباد میں تحریک انصاف کی طرف سے منعقد کیے گئے ’فریڈم آف ایکسپریشن اینڈ پروٹیکشن آف میڈیا‘ نامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ”تفتیش کار شہباز گل سے میرے کھانے کے متعلق اس لیے معلومات حاصل کررہے ہیں تاکہ وہ میرے کھانے میں زہر ملا سکیں۔ شہباز شریف کے منی لانڈرنگ کیس کے چار گواہوں کی اسی طریقے سے موت واقع ہو چکی ہے۔“
شہباز گل نے غلطی کی،سزا ملنی چاہیے لیکن قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہیے ، فیصل جاوید
عمران خان کا کہنا تھا کہ ”حکمرانوں نے ان چار گواہوں کے کھانے کے متعلق بھی ایسے ہی معلومات حاصل کی تھیں تاکہ انہیں زہر دینا آسان ہو۔ اب وہ اسی مقصد کے لیے میرے کھانے سے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں۔“ اس موقع پر عمران خان نے ایک بار پھر’نیوٹرلز‘ کا لفظ استعمال کرتے ہوئے پاک فوج کی قیادت پر تنقید کی اور انہیں غیرآئینی طور پر سیاست میں مداخلت پر اکسانے کی سعی کی۔ انہوں نے کہا کہ ”میں نیوٹرلز سے ایک بار پھر کہتا ہوں کہ ابھی بھی وقت ہے۔ اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں۔بند کمروں میں کیے گئے فیصلے بعض اوقات اچھے نہیں ہوتے۔ سختی اور جبر کے ذریعے ان چوروں کو تسلیم کروانا نقصان دہ ہو گا۔“