کراچی : عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ عامر لیاقت نے گھر بسانے کیلئے شادی کی تھی لیکن انہیں نہیں معلوم تھا کہ دانیہ ملک نے شادی نہیں بلکہ ڈیل کی تھی۔ان کے اس الزام پر ابتدائی طورپر دانیہ کا ردعمل معلوم نہیں ہوسکا۔ نجی ٹی وی “جیو نیوز “کے مطابق بشریٰ اقبال نے کہا کہ عامر لیاقت نے دانیہ سے شادی گھر بسانے کے لیے کی تھی لیکن یہ ایک طرح سے ڈیل تھی کیونکہ شادی ہوتے ہی 3سے 4ماہ میں ان کا پورا بینک اکاؤنٹ خالی ہو جاتا ہے، یہاں تک کہ یہ نوبت آجاتی ہے کہ عامر کو لوگوں سے پیسے مانگنے پڑ جاتے ہیں۔
سابق رکن قومی اسمبلی کی سابقہ اہلیہ نے کہا شروع میں عامر لیاقت نے دانیہ سے صلح کرنے کی کوشش کی مگر پھر انہوں نے اپنی ہی زندگی میں وکیل کو خلع کے کاغذات پر راضی نامہ لکھوا دیا۔بشریٰ اقبال کے مطابق عامر لیاقت کا انتقال ہوا تو ان کے وکیل دانیہ ملک کے پاس خلع کا راضی نامہ لے کر پہنچے مگر انہوں نے اس سے قبل ہی عدالت میں تنسیخ نکاح کی درخواست واپس لے لی تھی۔ رپورٹ کے مطابق بشریٰ اقبال کا کہنا تھا کہ دانیہ ملک کی طرف سے تنسیخ نکاح کی درخواست واپس لیے جانے کی وجہ سے قانونی طور پر عامر لیاقت کا خلع تسلیم نہیں ہو سکتا مگر شرعی لحاظ سے ان کی خلع ہو گئی ہے،اس کیلئے میں علیٰحدہ طور پر کیس دائر کروں گی ،دانیہ اور ان کی والدہ عامر لیاقت کی زندگی میں ان سے طلاق کا مطالبہ کرتی رہیں اور کہتی رہیں کہ ہمیں ان کی دولت میں سے کچھ نہیں چاہیے لیکن انتقال ہوتے ہی وہ ان کی محبت کرنے والی بیوی اور بیوہ ہونے کا ڈرامہ کرنے لگیں۔