لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا پاک نیوزی لینڈ سیریز ملتوی ہونے پر ردِعمل آ گیا۔انہوں پاک نیوزی لینڈ سیریز ملتوی پر وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ “میں سبز پاسپورٹ کی عزت کراوں گا “۔مریم نواز کے اس بیان پر حکومتی وزراء اور معاون خصوصی کی جانب سے سخت تنقید کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ ہم سے بےشک نفرت کرو لیکن میری دھرتی کی کچھ تو نمک حلالی کرو جس کی دولت سے باہر جائدادیں بنائیں۔
۔ڈاکٹر شہباز گل نے ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہے ان محترمہ کا دماغ اور میچورٹی اور بننا چاہتی ہیں وزیراعظم پاکستان کی۔ اللہ آپ کی حالت پر رحم کرے اور ان پر بھی جنہیں اس دماغ کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ شہباز گل نے مزید کہا کہ اگر کوئی دوسرا آپکے ملک کے ساتھ اچھا نہ کرے تو اپنے ملک کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ لیکن آپ تو اپنے ہی ملک کی سوتن بنی ہوئی ہیں۔
۔قبل ازیں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز سکیورٹی خدشات کے باعث منسوخ ہونے پر ن لیگ کے ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’’جو میدان نواز شریف نے آباد کئے تھے ان کو ویران کرنے کا سہرا بھی عمران خان کو جاتا ہے۔ ۔۔اچھے دن آئیں ہیں؟؟؟۔
نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر یکطرفہ طور پر دورہ پاکستان منسوخ کر دیا: پی سی بی
یاد رہے کہ پاکستان 18 سال بعد ایک بار پھر اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنے کے لیے پرعزم تھا ۔ مہمان ٹیم آئی سی سی ورلڈکپ 2019ء کی فائنلسٹ اور آئی سی سی رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 107 ون ڈے کھیلے گئے جن میں سے 55 میں پاکستان جبکہ 48 میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے، 1 میچ برابر جبکہ 3 بے نتیجہ ختم ہوئے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ون ڈے 11 فروری 1973ء جبکہ آخری میچ 26 جون 2019ء کو ورلڈ کپ میں کھیلا گیا تھا۔ نیوزی لینڈ نے آخری مرتبہ 2003ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں پاکستان نے5 میچز پر مشتمل ون ڈےانٹرنیشنل سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔ اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے 3 مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کی تاہم یہ تینوں سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئیں۔ ورلڈکپ 2019ء کی فائنلسٹ نیوزی لینڈ کی ٹیم 121 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ پاکستان کا نمبر چھٹا ہے۔