اسلام آباد : امریکی ائیرپورٹ پر بلاول بھٹو کی بنا پروٹوکول کی تصویر پر شہباز گل کا طنزیہ وار۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی امریکا پہنچنے کے بعد ائیرپورٹ لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اس تصویر کے حوالے سے رہنما تحریک انصاف شہباز گل کی جانب سے طنزیہ ٹوئٹ کیا گیا۔ شہباز گل نے کہا کہ “یہ ہیں صاحب جو یہاں پر ولی عہد بن کر گھومتے ہیں۔ ان کے ٹھاٹ بھاٹ دیکھنے والے ہوتے ہیں۔ لیکن نوکری کی تلاش میں کیسے امریکہ میں دربدر ہو رہے ہیں۔ کبھی اس بینچ پر اور کبھی اس نکر میں۔ جب سی وی پر صرف ایک پرچی ہو تو یہ تو ہوتا ہے”۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھی اپوزیشن جماعتوں کی آزاد کشمیر میں جاری انتخابی مہم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری میدان سے بھاگ گئے ہیں اور بہت جلد مریم نواز بھی راہ فرار اختیار کریں گی۔
آزاد کشمیر میں انتخابی مہم چل رہی ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی پوزیشن مستحکم ہے، پی ٹی آئی وہ واحد جماعت ہے جو آزاد کشمیر کے پورے حلقوں میں امیدوار کھڑی کر سکی ہے، کوئی اور جماعت تمام حلقوں میں امیدوار کھڑی نہیں کر سکی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسی لیے وہاں سے میدان چھوڑ کر بھاگ گئے کہ ان کو پتہ چلا کہ وہاں پر ان کے امیدوار ہی نہیں ہیں اور مجموعی طور پر 8 امیدوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے بلاول بھٹو زرداری کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اپنی مہم ادھوری چھوڑ کر بھاگ گیا۔ دوسری طرف مریم نواز مہم چلا رہی ہیں، ان کے پاس بھی کوئی پالیسی نہیں ہے اور انہیں کشمیر کی تاریخ کا علم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو علم نہیں ہے کہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے تعلقات کتنی دفعہ کروٹیں بدل چکے ہیں، ان کو یہ بھی علم نہیں ہے کہ کشمیریوں کے لیے پاکستان نے کتنی قربانیاں دی ہیں۔ مریم نواز وہاں جو پرچار کر رہی ہیں، اس کا نہ کوئی سر ہے اور نہ پیر ہے، اسی لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ابھی سے انتخابات میں دھاندلی کا واویلا مچانا شروع کردیا ہے کیونکہ کشمیر میں ان کی سیاسی پوزیشن تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔ بڑی جلدی آپ دیکھیں گے کہ مریم نواز بھی مہم سے راہ فرار اختیار کریں گی۔