واشنگٹن : جوبائیڈن انتظامیہ نے کورونا ویکسین کی 55 ملین خوراکوں کی فراہمی کا منصوبہ جاری کردیا۔ امریکی صدر نے کم آمدنی والے ملکوں کو رواں ماہ کے آخر تک ویکسین کی 80 ملین خوراکیں فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی ویکسین پاکستان کو نہ صرف کوویکس پروگرام کے تحت ملے گی بلکہ براہ راست بھی دی جائے گی۔ امریکہ کے صدارتی محل وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 80 ملین خوراکوں میں سے 75 فیصد عالمی کوویکس پروگرام کے تحت دی جائیں گی جب کہ 25 فیصد براہ راست ضرورت مند ممالک کے حوالے کی جائیں گی۔
امریکہ نے واضح کیا ہے کہ کورونا ویکسین کی فراہمی کے عوض دوسرے ممالک سے کوئی تقاضہ نہیں کیا جائے گا۔ امریکہ کی فراہم کردہ 14 ملین خوراکیں لاطینی امریکہ اور کیریبیئن ممالک میں تقسیم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ 16 ملین خوراکیں ایشیا کے ممالک بھارت، پاسکتان، نیپال، بنگلہ دیش،سری لنکا، افغانستان، مالدیپ، بھوٹان سمیت دیگر کو دی جائیں گی۔ ویکسین کی 10 ملین خوراکیں افریقن یونین کے ذریعے افریقی ممالک کو فراہم کی جائیں گی۔ ویکسین کی مذکورہ بالا خوراکیں عالمی کوویکس پروگرام کے تحت دی جائیں گی جب کہ باقی 14 ملین خوراکیں پاکستان، افغانستان اور فلسطین سمیت دیگر ممالک کو دی جائیں گی۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے یہ تو بتایا گیا ہے کہ کس خطے کو کتنی خوراکیں مہیا کی جائیں گی لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ کس ملک کے حصے میں کتنی ڈوزز آئیں گی۔