لاہور: پنجاب حکومت نے ایئرایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، دوردرازعلاقوں سے شہریوں کو ریسکیو کرنے کیلئے ایئرایمبولینس کیلئے 2 ہیلی کاپٹر خریدے جائیں گے، ایئرایمبولینس سروس کیلئے 50 کروڑ کے فنڈز منظور کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کیلئے ایئرایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سروسز کے باقاعدہ آغاز کیلئے کمیٹی نے اپنی سفارشات ارسال کردی ہیں، ایئرایمبولینس سروس شروع کرنے کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈ منظورکر لیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر ایئرایمبولینس کیلئے 2 ہیلی کاپٹر خریدے جائیں گے۔ایئرایمبولینس کیلئے بڑے ہسپتالوں میں ہیلی پیڈ بنائے جائیں گے۔
دوردراز علاقوں میں شہریوں کو ریسکیو کرنے کیلئے جلد سروسز کا آغاز ہوجائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایئرایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری دی تھی۔ مزید برآں حکومت پنجاب نے آئندہ مالی سال میں صحت کے شعبہ کیلئے مجبوعی طورپر370 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے جا رہے ہیں۔ شعبہ صحت کے ترقیاتی پروگرام کا مجموعی بجٹ 96 ارب روپے ہے جو کہ رواں مالی سال کے مقابلے میں 182%زائد ہے۔ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر کے شعبے کے لئے اگلے مالی سال میں 78 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز کیا جا رہا ہے۔ پنجاب کے 5اضلاع راجن پور، لیہ، اٹک، بہاولنگر اور سیالکوٹ میں 24ارب روپے کی لاگت سے جدید ترین Mother & Child ہسپتال قائم کئے جائیں گے۔ 80 ارب روپے کی لاگت سے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام ہے، جس کے تحت سو فی صد آبادی کو مفت اور معیاری علاج کی سہولت دستیاب ہو گی۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 19ارب روپے مختص کئے جانے کی تجویز ہے۔ 119 ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی Upgradation اور Revamping کے لئے 6ارب روپے کا ایک جامع پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ چنیوٹ، حافظ آباد اور چکو ال میں 16ارب 60 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ترین ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ٹی بی، ایڈز اور ہیپاٹائٹس جیسے موذی امراض پر قابو پانے کے لیے11 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ پنجاب میں کرونا کی ویکسینیشن کے لئے 10ارب روپے کا خصوصی بلاک رکھے جانے کی تجویز ہے۔
ادویات کی فراہمی کے لئے 35 ارب 25 کروڑ روپے کی خطیر رقم مہیا کی جا رہی ہے۔ پنجاب کے 14 شہروں میں 3ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ٹراما سنٹرز قائم کئے جا رہے ہیں۔ اسی طرح وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی وزارت صحت کیلئے 28 ارب روپے اور کورونا وبا سمیت دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے 100 ارب روپے رکھے ہیں۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عالمی وبا کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے ایک ارب ڈالر خرچ ہوں گے، جون 2022 تک 1o کروڑ افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔