Wednesday November 27, 2024

کرونا سے بچائو کیلئے سبز چائے کتنی موثر ہے ؟یہ مشروب واقعی صحت کیلئے مفید ہے ؟ جانیں

اسلام آباد(نیو زڈیسک)قہوہ یا چائے کی مختلف اقسام ہیں اور ان کا استعمال پاکستان میں بہت عام ہے اگر صحت کے حوالے سے بات کی جائے تو سبز چائے (گرین ٹی) کے فوائد بہت ہیں، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں اسے مقبولیت حاصل ہے۔بیشتر افراد سبز چائے کے فوائد سے واقف ہیں، کیا وزن کی کمی میں مددگار ہونے سے لے کر امراض قلب کا خطرہ کم کرنے تک، یہ گرم مشروب واقعی صحت کے لیے مفید ہے۔کیا سبز چائے سے لطف اندوز ہونا کوویڈ 19 سے لڑنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے؟ سوئیڈن میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ عندیہ دیا گیا ہے کہ ایسا ممکن ہوسکتا ہے۔ سوانسیا یونیورسٹی کی اس تحقیق میں کہا گیا کہ سبز چائے کووڈ سے لڑنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔تحقیق کے مطابق سبز چائے میں موجود ایک مرکب گیلو کیچن ممکنہ طور پر ایک دوا کی تیاری میں مددگار ہوسکتا ہے جو کوویڈ 19 سے مقابلہ کرسکے گی۔

محققین کی جانب سے یہ جانچ پڑتال کی گئی تھی کہ سبزچائے سے کوویڈ19سے مقابلے کے لیے ایک دوا کی تیاری میں کس حد تک مدد مل سکتی ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ قدرت کی قدیم ترین فارمیسی متعدد ادویات کا خزانہ ہے اور ہمارا سوال یہ تھا کہ کیا ان میں سے کوئی ایک مرکب کووڈ کی وبا سے لڑنے میں معاونت کرسکتا ہے؟اس مقصد کے لیے محققین نے ایسے قدرتی مرکبات کی جانچ پڑتال کی جن کو پہلے ہی آئی اے ٹیکنالوجی نے دیگر کورونا وائرسز کے خلاف مؤثر قرار دیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ہماری دریافت سے عندیہ ملتا ہے کہ سبزچائے میں موجود ایک مرکب کووڈ 19 کا باعث بننے والے کورونا وائرس سے لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تحقیق ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور کسی قسم کے کلینکل درخواست کے لیے کافی کام کرنا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے ماڈل نے جس مرکب کے بارے میں بتایا وہ گیلو کیچن ہے اور پہلے ہی آسانی سے دستیاب اور سستا ہے، اب اس حوالے سے مزید تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ دریافتک یا جاسکے کہ یہ واقعی کووڈ 19 کے علاج یا اس کی روک تھام کے لیے محفوظ اور مؤثر ہے یا نہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ابتدائی قدم ہے مگر اس سے آگے بڑھ کر تباہ کن کوویڈ 19 وبا کی روک تھام میں مدد ملنے کا امکان ہے۔ محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ قدرتی مصنوعات تاحال وبائی امراض سے لڑنے کے لیے اہمیت رکھتی ہیں۔اب ان کی جانب سے پری کلینکل اور کلینکل تحقیق کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل آر سی ایس ایڈوانسز میں شائع ہوئے۔اس کے علاوہ اگر پابندی سے سبز چائے پیتے رہیں تو خون میں شوگر کے اضافے کو بھی سبز چائے سے کنٹرول کرسکتے ہیں، امراض قلب کی روک تھام کے سلسلے میں سبز چائے کے فوائد خون کے وریدوں میں کولیسٹرول میں اضافے کے خلاف ایک مستحکم اور مضبوط دفاعی نظام فراہم کرتے ہیں۔ ہائی کولیسٹرول فالج اور دل کے دورے کے اہم وجوہات میں شامل ہے۔

FOLLOW US