لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بیٹا نہ ہونے کے سوال کا خوبصورت جواب دے کر اپنے چاہنے والوں کے دل جیت لیے۔ شاہد آفریدی کو اللہ تعالیٰ نے 5 بیٹیوں سے نوازا ہے، ان کی بیٹیاں انشا، اقصیٰ، اسمارہ، اجوہ اور ایک یا ڈیڑھ برس کی اروا آفریدی ہے۔ شاہد آفریدی اپنی بیٹیوں سے بیحد محبت کرتے ہیں اور اکثر ان کے ساتھ بہترین لمحات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی شیئر کرتے ہیں۔ شاہد آفریدی نے چند روز قبل نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ خدا نے مجھے بیٹیوں سے نوازا، میں نے ہر بیٹی کے ساتھ اپنی قسمت بدلتے دیکھی ہے۔ میزبان نے شاہد آفریدی سے سوال کیا کہ بدقسمتی ہمارے معاشرے میں ایسا ماحول بن گیا ہے جس میں بیٹوں پر زیادہ زور دیا جاتا ہے اور جس کے ہاں اولاد نرینہ نہ ہو اسے طعنے دئیے جاتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم پٹھانوں میں بھی اولاد نرینہ پر زور دیا جاتا ہے، لوگ بیٹا ہونے کیلئے تعویذ وغیرہ بھی بنواتے ہیں لیکن میں ان سب چیزوں کا سخت مخالف ہوں۔ اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے کہ میں جس کو اولاد دیتا ہوں اس کو کہتا ہوں اب جاؤ فکر نہ کرو کیونکہ باپ کا سہارا میں بنوں گا لہذا ان باتوں کو کوئی بھی غلط نہیں کہ سکتا ہے کیوں کہ قرآن پر ہمارا ایمان اور یقین ہے۔ شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں اللہ تعالی نے باپ اور بیٹی کا اور ماں اور بیٹے کا رشتہ بنایا ہے، پہلے میری بیوی کو بھی بیٹا نہ ہونے کی کمی محسوس ہوتی تھی لیکن بعد میں اس نے فکر کرنی اس لیے چھوڑ دی کیونکہ اس کا شوہر مطمئن ہے اور اسے کوئی مسئلہ نہیں کہ بیٹا ہے یا نہیں۔ شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ میری بیوی کو پتہ ہے کہ میں اپنی بیٹیوں سے بیحد پیار کرتا ہوں اور اپنی بیوی کو بھی سمجھاتا رہتا ہوں جس کی وجہ سے میری بیوی بھی مطمئن ہے کہ ہمارا کوئی بیٹا نہیں ہے۔