ریاض : مہلک وبا کرونا وائرس کی وجہ سے رواں سال بھی محدود پیمانے پر حج کے انعقاد کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دنیا بھر میں دوبارہ سے کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے رواں سال بھی محدود پیمانے پر حج کے انعقاد کا امکان ہے۔ اس حوالے سے سعودی حکام کی جانب سے غور و فکر کیا جا رہا ہے۔ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی حکام مسلسل دوسرے سال غیر ملکی حجاج کی آمد پر پابندی لگانے سے متعلق اپنا ذہن بنا چکے ہیں، تاہم اس حوالے سے سرکاری اعلامیہ کا انتظار ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مسلسل دوسرے سال صرف سعودی عرب میں مقیم افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔
گزشتہ سال مہلک عالمی وبا کے پھیلاو کی وجہ سے سعودی حکومت نے مملکت میں مقیم مختلف ممالک کے صرف چند ہزار منتخب حجاج کو حج کا فریضہ ادا کرنے کی اجازت دی تھی۔ جبکہ اس سال بھی گزشتہ سال والی روایت برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی حکام رواں سال معمول کے مطابق حج کے انعقاد کیلئے پر امید تھے، اس حوالے سے تیاریاں بھی کی جا رہی تھیں۔ رمضان المبارک کے دوران سعودی حکام نے عمرہ ادائیگی کی اجازت بھی اسی لیے دی تاکہ حج کے انعقاد کے حوالے سے تیاریاں کی جا سکیں۔ تاہم اب دنیا بھر میں کرونا کے پھیلاو کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے قوی امکان ہے کہ رواں سال دوبارہ سے محدود پیمانے پر ہی حج کا انعقاد ہو گا۔ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں مقیم صرف ان افراد کو حج کا فریضہ ادا کرنے کی اجازت ملے گی، جو کرونا ویکسین لگوا چکے ہوں۔ جبکہ یہ امکان بھی ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی صرف مخصوص عمر کے لوگوں کو حج کی اجازت دی جائے۔ تاہم اس حوالے سے صورتحال سعودی حکومت کے حتمی اعلان کے بعد ہی واضح ہوگی۔