Wednesday November 5, 2025

روزے داروں خوش ہو جاو، گرج چمک کیساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا

لاہور : روزے داروں خوش ہو جاو، گرج چمک کیساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، آئندہ چند روز کے دوران ملک کے کئی علاقوں میں بادل خوب برسیں گے، موسم ٹھنڈا ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ بارشیں برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہو چکا ہے۔ اس وقت بارشوں کے اس سسٹم کا زیادہ بلوچستان میں دیکھا گیا ہے۔ گزشہ دو روز سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کوئٹہ میں موسلا دھار بارش کے بعد جل تھل ایک ہوگیا۔ پیر کو کوئٹہ، ژوب، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، مستونگ، زیارت، کوہلو، مند، جھل مگسی، صحبت پور، خاران، پنجگور، تربت، آوران، واشک سمیت دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا

ا س دوران لورالائی میں 13، کوئٹہ میں 8، مسلم باغ میں 6،لسبیلہ میں 5، زیارت اور بارکھان میں4،پنجگور میں 2،دالبندین، قلات، نوکنڈی میں ایک، ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوگئی۔ ماہرین موسمیات نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشن گوئی کی ہے، جبکہ پاکستان کے دیگر علاقوں میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ ایک سے دو روز میں لاہور سمیت پنجاب کے کئی اضلاع، اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، گلگت اور آزاد کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے۔ بارش کے باعث رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران موسم ٹھنڈا ہو جائے گا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق زیادہ تر علاقوں میں رواں ہفتے کے دوران بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ عید کے موقع پر ملک کے زیادہ تر علاقوں کا موسم خشک اور گرم رہے گا۔ یہاں واضح رہے کہ لاہور سمیت ملک کے کئی علاقوں میں گزشتہ ماہ اپریل میں توقع سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ غیر متوقع بارش کے باعث لاہور سمیت کئی علاقوں میں گرمی کے موسم کی دیر سے آمد ہوئی، تاہم اب گزشتہ چند روز سے یہ علاقے گرمی کی شدید ترین لہر کی لپیٹ میں ہیں۔