Sunday January 19, 2025

کمزور بینائی کی وجہ سے عینکیں پہننے والا بچہ اسکول کے بچوں کی ہراسگی سے پریشان والدہ کی جانب سے معاملہ اٹھائے جانے کے بعد “موسیٰ” سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بن گیا

لاہور: کمزور بینائی کی وجہ سے عینکیں پہننے والا بچہ اسکول کے بچوں کی ہراسگی سے پریشان، سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز پاکستان میں سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ ٹرینڈ بن گیا، جس نے سوشل میڈیا کا استعمال کرنے والے ہر صارف کو ردعمل دینے پر مجبور کیا۔ اکثر ایسے واقعات سننے میں آتے ہیں جب تعلیمی اداروں میں بچوں کو ساتھی طالب علموں کی ہراسگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ موسیٰ نامی ایک بچے کو کچھ ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

موسیٰ نامی بچے کی والدہ کی جانب سے ٹوئٹر پر کی گئی ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ ان کا بچہ اسکول میں اپنے ساتھی طالب علموں کی ہراسگی سے بہت پریشان اور افسردہ ہے۔خاتون نے بتایا کہ ان کے بچے کو کہا جاتا ہے کہ وہ عینکیں پہن کر بہت برا لگتا ہے، اسی باعث موسیٰ دوبارہ عینکیں نہیں پہننا چاہتا۔ اس صورتحال میں، میں نے موسیٰ سے کہا کہ آو دنیا سے پوچھتے ہیں کہ کیا واقعی تم عینکیں پہن کر برے لگتے ہو؟۔ خاتون کی اس ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے ردعمل کا طوفان امڈ آیا۔ مشہور شخصیات سے لے کر عام شہری تک، سب نے ہی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے موسیٰ کی ہمت بندھائی اور اسے یقین دلایا کہ وہ عینکیں پہن کر بہت ہی پیارا دکھتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کے اس مثبت ردعمل کے بعد موسیٰ کی والدہ نے ایک اور ٹوئٹ کی۔
خاتون نے بتایا کہ آج صبح اسکول جانے سے قبل جب موسیٰ کو سوشل میڈیا پر ملنے والی حمایت اور محبت دکھائی تو اس کی خوشی کا کوئی ٹھکانا نہ رہا۔ موسیٰ کے والدہ نے اپنے بیٹے کیلئے اتنی محبت اور حمایت کا اظہار کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

FOLLOW US