Thursday November 28, 2024

وفاقی حکومت نے ملک بھر میں یکم مئی کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے ملک بھر عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے یوم مزدور کے موقع پرعام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ، جس کی وجہ سے یکم مئی کو ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی ، اس لیے تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے ، یوم مزدور کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات اور سیمینارز ہوں گے۔ سندھ حکومت کی جانب سے پہلے ہی عالمی یوم مزدور کے موقع پرعام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ، صوبائی حکومت نے یکم مئی بروز ہفتہ صوبے بھر میں عام تعطیل کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔ جب کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا یوم مزدور پر کہنا ہے کہ محنت کش ہمارے ہیرو ہیں جو رزق حلال کما کر معیشت کو مضبوط کرتے ہیں ، 1886ء کو شکاگو میں محنت کشوں نے اپنے حقوق کیلئے لازوال قربانیاں دیں اور یہ دن ہمیں جبر و استبداد کے خلاف شکاگو کے شہداء کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے ،

دین اسلام محنت کش کی عظمت اور فلاح و بہبود کا درس دیتا ہے ، دین اسلام میں محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دے کر اس کی عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سردارعثمان بزدار نے کہا کہ نئے پاکستان میں محنت کش کو اس کے حقوق دینے کے لئے پرعزم ہیں ، کیوں کہ نیا پاکستان محنت کشوں اور مزدوروں کا پاکستان ہے ، اسی لیے حکومت محنت کشوں کی فلاح وبہبود کیلئے حقیقی معنوں میں اقدامات کر رہی ہے جب کہ ماضی میں محنت کشوں کو وعدوں پر ٹرخایا گیا اور سابق ادوار میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔ دوسری طرف بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صوبائی ترجمان عابدبٹ نے کہا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ہر سال کی طرح اس سال بھی عالمی یوم مزدور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا 1886 کے شکاگو کے عظیم جانثاروں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بلوچستان لیبر فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے ریلیاں جلسے اور کانفرنسز و ریفرنسز منعقد کیئے جائیں گے جس میں دنیا بھر کے مزدوروں کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالے عظیم مزدور رہنمائوں اور خاص طو رسے 1886 کے شکاگو کے عظیم جانثاروں کی قربانیوں کو یاد کرکے انہیں مزدوروں کیلئے جدوجہد کی راہ متعین کرنے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

FOLLOW US