Friday November 1, 2024

ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ، وزیر داخلہ کا ڈوٹوک پیغام موٹرویز، جی ٹی روڑ اور باقی بڑی سڑکیں ٹریفک کے لیے کلیئر کروا لی گئی ہیں

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موٹرویز، جی ٹی روڑ اور باقی بڑی سڑکیں ٹریفک کے لیے کلیر کروا لی گئی ہیں ، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا ، جس میں سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب، چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آباد، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں کے علاوہ وفاقی وزیر مذہبی امورنور الحق قادری نے بھی شرکت کی جب کہ آئی جی پنجاب انعام غنی اور کمشنر راولپنڈی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، جب کہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ کو علاقے کلئیر کرانے پر مبارکباد دی اور احتجاج کے دوران شہید ہونے والے پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے شرکاء کو ہدایت کی کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ، اسلام آباد راولپنڈی میں لیاقت باغ ، ترنول، بارہ کہو، روات کے علاقوں کو ٹریفک کے لیے کھلوا لیا گیا ہے ، اس حوالے سے رینجرز نے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر بہت زبردست کام کیا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں احتجاج کرنے والے مذہبی تنظیم کے مظاہرین کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ، جس کے بعد کئی شہروں میں بند سڑکیں کھول دی گئیں ، تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے لیاقت باغ میں بھی پولیس اور رینجرز نے مظاہرین کے خلاف آپریشن کیا ، جس کے نتیجے میں مظاہرین سے لیاقت باغ کو خالی کروانے کے بعد علاقے میں ٹریفک بھی بحال کردی گئی ، تاہم اس دوران مظاہرین کی جانب سے لیاقت باغ میں توڑ پھوڑ کی گئی جس میں باغ کے جنگلے توڑ دیئے گئے اور بینچز کو آگ لگا دی ، اسلام اباد کے نواح میں واقع بارہ کہو کے علاقے میں میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی جہاں رات 3بجے تک مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں جاری رہیں جس کے بعد بارہ کہو میں پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں ٹریفک کھول دی گئی جب کہ فیض آباد پل پر بھی پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر قصورمیں بھی مذہبی جماعت کے دھرنے کے خلاف پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے فیروز پور روڈ مین بائی پاس آپریشن کے بعد کھول دیا جب کہ اس دوران ملاں والا بائی پاس پتوکی میں پولیس اور مظاہرین جھڑپ ہوئی جس میں ڈی ایس پی ، متعدد ایس ایچ اوز سمیت درجنوں پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تاہم پولیس نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کرلیا جب کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

FOLLOW US