اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی نشاندھی پر چار علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر نے کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ ڈی ایچ اے ٹو ، سواں گارڈن، پی ڈبلیو ڈی اور بہارہ کہو میں رات کو مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ۔ ڈی سی اسلام آباد کے مطابق لاک ڈاؤن ہونے والے سب سیکٹرز میں G-10/2, G-10/3, G-9/2 ،G-11/1, G-11/2 اور I-8/3 شامل ہیں ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات اور ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر مصطفی تنویر نے پریس کانفرنس میں میڈیا کو صورتحال پر بریفنگ دی ۔
ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے کہاکہ اسلام آباد میں کورونا مثبت کیسز 12 فیصد تک پہنچ گئی ہے،اسلام آباد میں 6 ہزار سے زائد ایکٹیو کیسز ہوگئے ہیں،اسلام آباد میں ہر طرح کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسلام آباد میں نئے ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کی گئی ہے،لوئی بھیر، پی ڈبلیو ڈی جی سکس میں لاک ڈائون لگانے کا فیصلہ کیا گیا ،کوشش ہے رمضان تک شرح کم کرکے 6 فیصد تک لائی جائے۔ انہوںنے کہاکہ آبپارہ میں 6 دکانیں سیل کیں 13 افراد گرفتار کیا۔ انہوںنے کہاکہ دفاتر میں ہر صورت 50 فیصد حاضری یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ کارروائی کرے گی،ہمیں مجبوراً سختی کرنا پڑے گی۔
حمزہ شفقات نے کہاکہ ڈی ایچ اے ٹو کو سیل کر نے کا فیصلہ کیا گیا ،سوہان گارڈن، پی ڈبلیو ڈی ،جی سکس میں لاک ڈائون نافذ کیا جائیگا ۔ انہوںنے کہاکہ اسلام آباد میں یکم اپریل سے کوئی شادی کی تقریب نہیں ہوسکے گی،اسلام آباد میں سیاسی اجتماعات پر مکمل پابندی ہے،کوئی بھی سیاسی جماعت خلاف ورزی کرے گی ایکشن لیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کو لانگ مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کی تعداد کم کررہے ہیں،سکولز کو امتحانات لینے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ خلاف ورزی پر سکولز کے پرنسپلز کے خلاف کاروائی ہوگی۔ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر مصطفی تنویر نے کہاکہ پولیس لاک ڈائون پر مکمل عملدرآمد کروائے گی۔