Tuesday January 21, 2025

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نیٹ ورک چلانے میں ایم کیو ایم لندن کی خاتون رہنماء ملوث نکلی

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ میں ایم کیو ایم لندن کی خاتون رہنماء کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوگیا ، محکمہ انسداد دہشت گردی اور سندھ رینجرز ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی کی رکن کہکشاں حیدر کی مبینہ ٹارگٹ کلر سے گفتگو منظرعام پر لے آئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد ، ایس ایس پی عارف عزیز اور سندھ رینجرز کے کرنل شبیر کی طرف سے کراچی میں کی جانے والی ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ امریکا میں رہائش پذیر ایم کیو ایم لندن کی رکن کہکشاں حیدر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ٹیم کو ان ڈائریکٹ ہیڈ کر رہی ہیں ،

سندھ رینجرز کے کرنل شبیر کے مطابق شہر قائد میں ٹارگٹ کلرز کام کر رہے ہیں جن کو یہ خاتون ہی لیڈ کررہی ہیں ، کہکشاں حیدر بیرون ملک بیٹھ کر ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں ، ہمیں آپریشن میں یہ معلوم ہوا کہ واردات ہوتی ہے اور بینک میں رقم منتقل ہوجاتی ہے ، اس سلسلے میں رینجرز نے جن کو گرفتار کیا تھا ان کو عمر قید کی سزا مل چکی ہے، ان لوگوں نے بھی کہکشاں نامی خاتون کا ہی نام لیا ، کہکشاں حیدر پر اس حوالے سے ایک مقدمہ درج ہے۔
اس موقع پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے کہا کہ 2017 ء میں رینجرز نے ایم کیو ایم لندن کی ٹارگٹ کلرز کی ٹیم پکڑی تھی ، جس کے بعد رینجرز اور سی ٹی ڈی نے ایک مشترکہ آپریشن کیا ، جس میں معلوم ہوا کہ کراچی کی ٹارگٹ کلنگ میں امریکا میں مقیم ایم کیو ایم لندن کی کہکشاں حیدر مرکزی کردار ہیں ، جس کے ذریعے ایم کیو ایم لندن کی کوشش رہتی ہے کہ کراچی میں ایک بار پھر قدم جمائے ، ٹیم جب جیل گئی تو ان کی معلومات پرانٹیلی جنس آپریشن کیا جاتا رہا اور یہ بات سامنے آئی کہ امریکا سے کہکشاں نامی خاتون ایک ٹیم کراچی میں چلا رہی تھی۔

اس دوران عمر شاہد نے کہکشاں حیدر نامی خاتون کی کال ریکارڈنگ بھی میڈیا کے سامنے پیش کی ، ریکارڈنگ میں سنا جاسکتا ہے کہ خاتون ٹارگٹ کلر سے کام کے بدلے پیسوں کی بات کر رہی ہیں ، کال ریکارڈنگ میں کہکشاں کی جانب سے ٹارگٹ کو سر پر گولی مارنے کی ہدایت دی گئی جب کہ ٹارگٹ کلر کو موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کی ہدایت دی گئی ، اس کے علاوہ منہ اور گردن پر ٹارگٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

FOLLOW US