Tuesday April 30, 2024

یونیفارم میں خواتین نے اپنی صلاحیتیں منوائیں خواتین کے عالمی دن پر آرمی چیف نے پیغام جاری کر دیا

راولپنڈی : خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیغام جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی خواتین نے قوم کی عزت اور وقار میں اضافے کیلئے بے پناہ خدمات سر انجام دی ہیں، یونیفارم میں خواتین نے اپنی صلاحیتیں منوائیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یومِ خواتین پر جاری پیغام میں کہا کہ پاکستانی خواتین کورونا کے خلاف جنگ میں بھی پیش پیش ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ یونیفارم میں خواتین نے قوم اور انسانیت کی بڑی خدمت کی ہے ، خواتین بہت قابل عزت و تکریم ہیں۔

واضح رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے، گھر ہو یا دفتر، اسپتال ہو یا میدان جنگ، ہر شعبے میں خواتین نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اس حوالے سے پاکستان بھر میں عورت کے حقوق کی آگاہی اور ان کی کاوشوں کو سراہنے کے لیے مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں معاشرے میں اہم کردار ادا کرنے والی خواتین کی کوششوں اور ان کی کاوشوں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ دوسری جانب خواتین کے عالمی دن کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا اپنے ایک پیغام میں کہنا تھا الیکشن کمیشن کی جانب سے خواتین اور معاشرے کے تمام طبقات کی انتخابی عمل میں موثر شمولیت کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں،یہ دن اِس حقیقت کا احساس دلاتا ہے کہ معاشرے میں خواتین کا کردار سماجی، معاشی اور سیاسی ترقی کے لئے انتہائی ضروری ہے۔

FOLLOW US