لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر آباد روانگی سے قبل جاتی امراء میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے متفقہ امیدوار ہیں اور پی ڈی ایم نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ اپنے متفقہ امیدوار لائیں گے اور ایک دوسرے کو سپورٹ کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ اصل بات یہ ہے کہ عوام پر جو لوگ مسلط کیے جارہے ہیں، ہمیں عوام کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے ان کا راستہ روکنا ہے،
مہنگائی سے مارے عوام میں اضطراب اور بے چینی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ حکمران جماعت میں ٹکٹوں کی تقسیم پر ہر صوبے سے لوگ کھڑے ہو گئے ہیں اور جس طرح سے پیراشوٹ سے لوگوں نے لینڈ کیا ہے، کیا 22سالہ جدوجہد میں ایک بھی ایسا انسان نہیں ملا جو آپ کے ساتھ جدوجہد کررہا ہے اور آپ اس کو سینیٹ کا ٹکٹ دیتے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے کروڑ پتی اور ارب پتی لوگوں کو ٹکٹ دیے، اس کا کیا مطلب یہ ہے کہ جن لوگوں نے جماعت کے لیے کوئی جدوجہد نہیں کی انہیں کہا جا رہا ہے کہ اپنے پیسوں سے ٹکٹ خریدو۔ انہوںنے کہاکہ میرا صحت کا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے میری ایک سرجری ہونی ہے جو پاکستان میں نہیں ہو سکتی لیکن میں اس حکومت سے بالکل نہیں کہوں گی کہ میرا نام ای سی ایل سے نکالے، میں انہیں یہ خوشی کبھی نہیں دوں گی۔مجھے اس ملک سے کہیں نہیں جانا، میرا جینا مرنا اس ملک کے ساتھ ہے، مریم باہر نہیں جائے گی، آپ کو جانا پڑے گا۔انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنے سابقہ موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ بیک ڈور رابطوں کی ضرورت ان کو ہے جو اس وقت مشکل میں ہیں، پی ڈی ایم یا مسلم لیگ(ن)کو بیک ڈور رابطوں کی ضرورت نہیں ہے۔