سلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جلد ’’کوئی بھوکا نہیں سوئے گا‘‘ پروگرام شروع کرینگے ،پروگرام ’مدینہ کی ریاست ‘کی طرز پر معاشرے کی تشکیل کے لئے بنیادی اقدام ہوگا ۔پارٹی رہنمائوں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ غریب اور نادار لوگوں کی مددکرنا عمران خان کے دل کے سب سے زیادہ قریب ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ اس ملک میں کوئی شخص بھوکا نہ سوئے، اس مقصد کے لئے وہ بہت جلد ایک پروگرام،’’کوئی بھوکا نہیں سوئے گا‘‘ کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہمارے معاشرے کی تشکیل ریاست مدینہ کی طرز پر کرنا چاہتے ہیں، اس مقصد کیلئے انہوں نے احساس پروگرام جیسے اقدامات اٹھائے ہیں جس کے تحت پسے ہوئے نادار طبقے کو اوپر اٹھانے کے لئے کئی منصوبے شروع کئے جاچکے ہیں۔ ’’کوئی بھوکا نہیں سوئے گا‘‘ پروگرام بھی اسی طرز کا ایک پروگرام ہے جو معاشرے کی ریاست مدینہ کی طرز پر تشکیل کے لئے بنیادی اہمیت کا حامل ہوگا۔