Monday November 25, 2024

نعمان علی87 سال کے دوران ڈیبیو ٹیسٹ میں 5 شکار کرنیوالے معمر ترین سپنر بن گئے

کراچی : قومی ٹیم کے لیفٹ آرم سپنر نعمان علی گزشتہ 87 سال کے دوران ڈیبیو ٹیسٹ میں 5 شکار کرنیوالے معمر ترین سپنر اور گزشتہ 72 سال کے دوران یہ کارنامہ سرانجام دینے والے معمر ترین بائولر بن گئے ہیں ۔ کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز نعمان علی نے 34 سال 111 دن کی عمر میں جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز میں 35 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جس کے ساتھ ہی وہ گزشتہ 87 سال کے دوران ڈیبیو ٹیسٹ میں 5 وکٹیں لینے والے سپنر اور گزشتہ 72 سال کے دوران اپنے پہلے ٹیسٹ میں 5 شکار کرنیوالے معمر ترین بائولر بھی بن گئے۔

نعمان علی سے قبل 1949ء میں نیوزی لینڈ کے میڈیم پیسر فین کریسویل نے 34 سال 146 دن کی عمر میں انگلینڈ کیخلاف اوول کرکٹ گرائونڈ پر 168 رنز دیکر 6 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ نعمان علی ڈیبیو ٹیسٹ میں 5 وکٹیں لینے والے 12 ویں پاکستانی بائولر اور محمد نذیر، شاہد آفریدی اور بلال آصف کے بعد چوتھے پاکستانی سپنر بھی بنے ہیں ۔ یاد رہے کہ کراچی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 245 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی اور پاکستان کو کامیابی کے لیے 88 رنز کا ہدف مل گیا ہے ۔نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز مہمان ٹیم نے 4 وکٹ کے نقصان پر 187 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ کیشو مہاراج کو 2 رنز پر حسن علی نے بولڈ کیا اور کپتان ڈی کوک کی اننگز کا خاتمہ 2 رنز پر یاسر شاہ نے کیا، ۔ اینرج نورجے کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوئے، جارج لنڈے 11 رنزبنا سکے جب کہ ٹمبا باوما کی مزاحمت 40 رنز پر دم توڑ گئی۔

قومی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں سپنرز چھائے رہے،ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے 5 اور یاسر شاہ نے 4 وکٹیں حاصل کی، 1وکٹ حسن علی کو ملی۔ اس سے قبل دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر 29 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ وین ڈیر ڈاسن اور اور ایڈن مارکرم نے 127 رنز کی اہم شراکت قائم کی اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کی تاہم یاسر شاہ نے ڈاسن کو 64 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔ تیسرے روز کے اختتام سے 4 اوورز پہلے فاف ڈوپلیسی 10 رنز پر یاسر شاہ کا شکار بنے ،اگلے اوور میں مارکرم 74 رنز کی اننگز کھیل کر نعمان علی کا شکار بنے۔ قومی ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے 4 ، نعمان علی اور حسن علی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان نے کھیل کے پہلے روز 33 رنز پر 4 وکٹیں گنوادی تھیں تاہم فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت قومی ٹیم جنوبی افریقہ پر پہلی اننگز میں برتری حاصل ہونے میں کامیاب ہوگئی۔ اظہرعلی 51 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے، فہیم اشرف 64 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، یاسر شاہ 38 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے 3،3 جب کہ لنکی نگیدی اور اینرچ نورجے نے 2،2، وکٹیں حاصل کیں۔ کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 220 رنز بنائے تھے، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جبکہ ڈیبیو کرنیوالے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

FOLLOW US