Sunday June 15, 2025

سکھ برادری کے احتجاج میں بھارت کی جانب سے خود دہشتگردی کروانے کا خدشہ۔۔الزام پاکستان پر لگانے کی تیاریاں

لاہور : بھارت میں سکھ برادری سراپا احتجاج ہے ، اس حوالے سے عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت سکھ برادری کے احتجاج میں خود دہشتگردی کروا کر الزام پاکستان پر عائد کر سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق بھارت اس وقت مشکل گیم میں پھنس چکا ہے، ایک طرف خالصتان تحریک سر اٹھا رہی ہے، دوسری جانب چین کے ساتھ بھی بھارت کے تعلقات کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں جبکہ تیسری جانب مقبوضہ کشمیر کے حالات بھارت کے کسی طور کنٹرول میں نہیں آ رہے ۔

نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ بھارت میں جو اس وقت تحریک چل رہی ہیں پاکستان کو اس حوالے سے تیار رہنا ہو گا، پاکستان نے کرتار پور راہداری کھولی تب سے بھارتی سکھوں کے اندر پاکستان کے لیے گڈ ول موجود ہے ۔ بھارت اب سکھوں کے احتجاج کے اندر دہشت گردی کرا کر الزام پاکستان پر عائد کر کے اس گڈ ول کو ختم کر نے کی کوشش کر سکتا ہے ،بھارت کے خلاف پاکستان نے جو ڈوزئیر دیا تھا بھارت اس کے جواب میں پاکستان کے اوپر کسی قسم کا بھی دہشت گردی کا الزام لگا کر اور فالس فلیگ آ پریشن کر سکتا ہے ۔

تجزیہ کار جنرل (ر) اعجاز اعوان نے کہا کہ بھارت کے اندر کے جو حالات ہیں ، اس میں ایک تو بھارت میں سیاسی حکومت بہت مضبوط ہے ، ان کی اکثریت ہے ، مسلمان اور عیسائی کافی تعداد میں ہیں لیکن بکھر ے ہوئے ہیں ، جو بھی آ واز اٹھاتا ہے اس کو مار دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف خالصتان تحریک اور سکھ بھارت کے لیے اصل خطرہ ہیں کیونکہ سکھوں کے پاس پورا صوبہ موجود ہے ۔ بریگیڈئیر (ر) محمود شاہ نے کہا کہ بھارت میں سکھ کسانوں کے مطالبات جائز ہیں ، بھارتی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے بھارت کے اندرونی حالات مزید خرابی کی طرف جائیں گے ، ہمیں سکھوں کو سفارتی طور پر سپورٹ کرنا چاہئیے اور سفارتی سطح پر خالصتان تحریک کو سپورٹ کر کے اس کو عالمی سطح پر شناخت بھی کروانی چاہئیے۔