Tuesday June 17, 2025

اہل لاہور نے پی ڈی ایم کی منفی سیاست کومینار پاکستان کے مقام پر دفن کردیا‘ ترجمان پنجاب حکومت

لاہور(نیوز ڈیسک) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اہل لاہور نے لا تعلق رہ کر پی ڈی ایم کی منفی سیاست کومینار پاکستان کے مقام پر دفن کردیا،پی ڈی ایم کی آخری منزل صر ف این آ ر او کا حصول ہے لیکن یہ الٹے بھی لٹک جائیں انہیں این آر او نہیںملے گا ،پہلی تحریک ہے جس میں راجکماری نے خواتین شرکاء کو نئے کپڑے پہن کر آنے کیلئے پابند کیا ہے ۔ میڈیا کے لئے جاری کئے گئے اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ جن لوگوںنے شریف خاندان کے بل بوتے پر کرپشن سے اربوں کمائے انہوں نے مینار پاکستان جلسے پر کروڑوں خرچ کئے ،

مفاد پرست جان لیںتحریکیں کروڑوں روپے خرچ کرنے سے کامیاب نہیں ہوتیںاس میں عوام کی شمولیت درکار ہوتی ہے ، گیارہ جماعتیں ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود عمران خان کے مینار پاکستان پر کئے گئے جلسے کا ریکارڈ نہیں توڑ سکیں بلکہ انہیں سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوںنے کہاکہ پانامہ رانی نے لاہور جلسے کے فنڈز کے نام پر بھی پارٹی کو کروڑوں کا چونا لگایا ہے۔انہوںنے کہا کہ عوام کو کورونا کے سپرد کر کے رہنما خود فائیو سٹار ہوٹلوں میں ناشتے اور ایکدوسرے کے گھر ظہرانے اڑاتے رہے ۔اپوزیشن کی سیاست پر خود کش حملہ کرنے والی مریم کیلئے تیارکردہ کنٹینر میں خشک خوراک کا ذخیرہ کیا گیا،آپ کے بل بوتے پر اربوں کی کرپشن کرنے والے کھوکھر برادران نے آپ کیلئے لگژری کنٹینر تیار کرایا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جب 126دن کا تاریخی دھرنا دیا تھا تو کنٹینر کے اندر زمین پر بستر ڈال کر راتیں بسر کیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں لاہور جلسے کی ناکامی کے بعد اتحاد میں شامل رہنے بارے ضرور نظر ثانی کریں گی ۔