لاہور (نیوز ڈیسک) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق خواتین کا تحفظ اور انہیں درپیش مشکلات کا فی الفورازالہ کرنا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اسی لئے پنجاب پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے’’ پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ ‘‘کا اجراء کیا ہے جس پر رجسٹر ہوکر خواتین چاہے وہ ورکنگ لیڈیز ہوں یا گھریلو خواتین ہنگامی صورتحال میں صرف ایک کلک پر پنجاب پولیس15 ،ریسکیو1122، موٹر وے پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول سے مدد حاصل کرسکتی ہیں ۔
انہوں نے مزیدکہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے بنائی گئی پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ میںپنجاب پولیس کے علاوہ ریسکیو، موٹر وے پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول جیسے اہم اداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ خواتین کے تحفظ کا عمل بہتر سے بہتر ہوسکے اور انہیں مشکل صورتحال میں کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ کو ڈائون لوڈ اور استعمال کرنے کے حوالے سے آگاہی ویڈیو ریلیز کردی گئی ہے جس کے ذریعے صوبے کی تمام طالبات ، ورکنگ لیڈیزاور گھریلو خواتین پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ کو فوری طور پر اپنے موبائل فونز میں ڈاؤن لوڈ کریں اور خود کو اس پر رجسٹر کریں تاکہ وہ اس ایپ کے فیچرز سے ہر ممکن مدد اور راہنمائی حاصل کرسکیں ۔
انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ کے علاوہ بھی خواتین اوربچوں سے پیش آنے والے جرائم کی روک تھام کیلئے پوری طرح ہائی الرٹ ہے اور ایسے جرائم کی روک تھام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ کے اجراء اور استعمال کے حوالے سے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ جدید ٹیکنالوجی کی شاہکار ایک آسان موبائل ایپ ہے جسے تمام اینڈرائیڈ موبائل فونز میں ڈائون لوڈ کرکے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ خواتین اپنے موبائل فون سے بنیادی معلومات کے اندراج کے بعد فوری طور پرایپ میں رجسٹرڈ ہوسکتی ہیں جس کے بعد وہ ہنگامی صورتحال میں صرف ایک کلک پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15، ریسکیو1122، ہائی وے پولیس اور موٹر وے پولیس سے مدد حاصل کر سکتی ہیںان سب اداروں کے ساتھ کسی بھی مشکل صورتحال میں صرف ایک کلک پر رابطہ کرکے مدد حاصل کی جاسکتی ہے ۔
مزیدبرآں پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ سے خواتین کسی بھی جگہ جانے سے پہلے لوکیشن ریویو کے ذریعے اس کا جائزہ معلوم کرسکتی ہیں ۔خواتین کسی خاص جگہ کے بارے میں محفوظ ، جزوی طور پر محفوظ اورغیرمحفوظ ہونے کے حوالے سے اپنے تجربات کا فیڈ بیک بھی دی سکتی ہیں تاکہ باقی خواتین اس سے استفادہ حاصل کرسکیں ۔ پنجاب پولیس کے نمائندے سے لائیو چیٹ کیلئے براہ راست گفتگوکا آپشن بھی ایپ میں موجود ہے جبکہ خواتین کے تحفظ کیلئے دیگر سہولیات اور آگاہی دستاویزات بھی یوزر خواتین ایپ میں دیکھ سکتی ہیں غرض یہ کہ پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ کو خواتین کے تحفظ کیلئے ایک مثالی اور آسان ایپ بنایا گیا ہے جسے خواتین سے حاصل ہونے والے فیڈ بیک کی روشنی میں بہتر سے بہتر بنانے کا عمل بھی جاری رہے گا۔