لاہور (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بیٹیوں کو اللہ تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے پاس اپنی سب سے چھوٹی بیٹی عروہ کو بڑا ہوتے دیکھنے کا زیادہ وقت میسر ہے ۔ سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹویٹر پر شاہد آفریدی نے اپنی سب سے چھوٹی بیٹی عروہ کے ہمراہ تصویر لگا کر اپنی تمام بیٹیوں کے ساتھ محبت بھرے کلمات کہتے ہوئے انہیں اللہ کا بہترین تحفہ بھی قرار دیا۔
شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’’وہ اپنی بیٹیوں کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزار سکے بالخصوص جب وہ جب بڑی ہو رہی تھیں لیکن اب وہ بہت خوش ہیں کہ ان کے پاس اپنی سب سے چھوٹی بیٹی عروہ کے لئے وقت ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ﷲ تعالیٰ عروہ سمیت تمام بچوں کی حفاظت فرمائے‘‘۔ سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹر اکائونٹ سے شاہد آفریدی کی بیٹی کے ساتھ شیئر کی گئی تصویر کو ان کے چاہنے والوں کی جانب سے بہت پسند کیا گیا اور اس تصویر کو اب تک 16 ہزار سے زیادہ لائکس مل چکے ہیں جب کہ سینکڑوں افراد نے کمنٹس میں بھی شاہد آفریدی کے خیالات کو سراہا۔ یاد رہے کہ شاہد آفریدی اور ان کی اہلیہ نادیہ کی شادی 2000ء میں ہوئی تھی اور جوڑے کی 5 بیٹیاں ہیں جن میں سب سے چھوٹی بیٹی عروہ رواں سال فروری میں پیدا ہوئی تھی، شاہد آفریدی سوشل میڈیا پر اپنی بیٹیوں کے ساتھ تصاویر لگاتے رہتے ہیں جب کہ ان کی بیٹیاں پی ایس ایل کے دوران اپنے والد کی سپورٹ کے لیے میدان میں آتی رہی ہیں ۔