Saturday May 10, 2025

ووٹوں کی گنتی بند کرو، شکست کے دہانے پر پہنچنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹ

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی صدارتی انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ گنتی روک دو ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’’ گنتی روک دو‘‘۔ اس سے قبل اپنے ایک ٹوئٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ رات کئی اہم ریاستوں میں مجھے جو بائیڈن پر برتری حاصل تھی، جیسے ہی پوسٹل بیلٹ کی گنتی شروع ہوئی تو نتائج بدلنا شروع ہوگئے، جادوئی طور پر میرے ووٹ کم اور جو بائیڈن کے ووٹ بڑھنا شروع ہو گئے ، انتخابی ماہرین نے بھی اس بات کو مکمل طورپر حیرت انگیز قرار دیا ہے ۔

ایک اور ٹوئٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ جب بھی پوسٹل بیلٹ کی گنتی کرتے ہیں تو ڈیموکریٹس کی ووٹوں میں حد سے زیادہ اضافہ ہو جاتا ہے ۔ امریکی صدارتی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، اس سے قبل امریکی صدر نے الیکشن کے نتائج چیلنج کرنے کے لیے عدالت جانے کا بھی اعلان کیا تھا ۔ واضح رہے کہ ڈیموکریٹس کے امیدوار جوبائیڈن نے 7 کروڑ سے زائد ووٹ حاصل کر لیے ہیں۔ آج تک کوئی امریکی صدارتی امیدوار 7 کروڑ سے زائد ووٹ حاصل نہ کر سکا۔ اس سے قبل امریکی صدارتی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کا اعزاز اوباما کے پاس تھا۔ اوباما نے 2008 کے انتخابات میں 6 کروڑ 90 لاکھ ووٹ حاصل کیے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ جوبائیڈن نے 7 کروڑ سے زائد ووٹ تو حاصل کر لیے، تاہم انہیں فتح کیلئے 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنا اب بھی ضروری ہے۔