ممبئی (ویب ڈیسک )سنہ 1998 کے کالا ہرن کیس میں جودھ پور سیشن کورٹ نے بولی وڈ کے دبنگ خان کی ضمانت کا فیصلہ کل تک کے لئے محفوظ کرلیا۔ رپورٹس کے مطابق اداکار کو مزید ایک رات جودھ پور کی جیل میں گزارنا پڑے گی۔ جس کے بعد ہفتے کی صبح ساڑھے دس بجے حکم جاری کیا جائے گا۔ دبنگ خان کو گزشتہ روز کالا ہرن کیس میں 5
سال جیل اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس خبر نے بولی وڈ کرتا دھرتاؤں سمیت ان کے مداحوں کو حیران کردیا۔ اسی دوران سلمان خان کی دیرینہ دوست پریتی زنٹا ان سے ملاقات کے لئے جودھ پور جیل پہنچ گئیں۔ ملاقات کے لئے آنے والی پریتی زنٹا کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پریتی زنٹا اپنے ہیٹ سے منہ چھپائے سلمان خان سے ملاقات کے لئے اپنی گاڑی میں روانہ ہورہی ہیں۔ سلمان خان نے گزشتہ رات انتہائی سخت سیکیورٹی میں جودھ پور جیل میں گزاری۔ انہیں بیرک نمبر 2 میں رکھا گیا اور ان کا قیدی نمبر 106 ہے۔