Wednesday January 22, 2025

پولیس سیاسی ہو چکی، یہ ایک انتہائی شرمناک واقعہ ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے، چیف جسٹس کا لاہور موٹروے زیادتی واقعے پر ردعمل

اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیف جسٹس کا لاہور موٹروے زیادتی واقعے پر ردعمل، جسٹس گلزار احمد کا کہنا ہے کہ پولیس سیاسی ہو چکی، یہ ایک انتہائی شرمناک واقعہ ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور موٹروے پر خاتون کو بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے واقعے پر چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ لاہور موٹروے پر پیش آیا واقعہ شرمناک ہے۔ پولیس سیاسی ہو چکی ہے اور لاہور موٹروے واقعہ اس کا ثبوت ہے۔ موٹروے جیسی مثالی پولیس کی کارکردگی بھی زوال کا شکار ہوئی ہے۔

پولیس میں مسلسل سیاسی مداخلت کی جا رہی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے۔ یہ حکومت کا فرض ہے کہ شہریوں کو فوری، بنیادی اور سستا انصاف فراہم کرے۔ چیف جسٹس نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ پولیس کے معاملات بہتر بنائے جائیں۔ واضح رہے کہ پنجاب پولیس لاہور موٹروے پر خاتون کو بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی۔ پنجاب پولیس نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ ملزمان کے گاوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ ملزمان کا تعلق کرول گاوں سے ہے۔ گاوں کے کچھ مشتبہ افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ کروائے گئے۔ تاہم ٹیسٹ رپورٹ کے مطابق یہ تمام افراد واقعے میں ملوث نہیں ہیں۔ جبکہ کچھ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ کرول گاوں کے تمام رہائشیوں کے ڈین اے ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس واقعے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی ملزمان کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کر چکے۔ جبکہ پورا ملک اس واقعے کے بعد سراپا احتجاج ہے، ملزمان کو گرفتار کر کے سرعام پھانسی کی سزا دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

FOLLOW US