لاہور(اُویب ڈیسک) موٹر وے کے قریب والے علاقے میں پہلے بھی خاتون سے زیادتی کا واقعہ پیش آچکا ہے۔اس بات کا انکشاف گاؤں کے لوگوں نے اردو پوائنٹ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گاؤں کے لوگوں نے اینکر فرخ شہباز وڑائچ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گاؤں میں ایک لیڈی ڈاکٹر کے ساتھ بھی زیادتی کا واقعہ پیش آچکا ہے۔ خاتون کے ساتھ ڈکیتی کی واردات بھی ہوئی تھی۔ملزمان نے لیڈی ڈاکٹر سے چیزیں لوٹ لی اور بعد ازاں اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔بتایا گیا کہ خاتون کے ساتھ یہ ظلم کرنے والے افراد کا تعلق سگیاں سے تھا۔اسی گاؤں کے ایک اور رہائشی کا کہنا ہے کہ اس جنگل میں پہلے بھی کئی خوفناک واقعات پیش آ چکے ہیں۔میرا بھائی جو کہ پولیس کے محکمے میں نوکری کرتا تھا اسے اسی جنگل میں قتل کر دیا گیا۔
پولیس نے اس شخص کو بھی چھوڑ دیا جو کہ موقع سے گرفتار کیا گیا تھا۔اب تک یہاں پر درجنوں ڈکیتی کے واقعات پیش آ چکے ہیں لیکن ایک بھی ملزم کو نہیں پکڑا گیا۔کوئی واقعہ ہو تو اس کا شور چار پانچ دن تک مچتا ہے اور پھر وہی پرانا حساب چلتا رہتا ہے۔گاؤں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ہم اس راستے سے بہت خوف محسوس کرتے ہیں۔یہاں پر شہریوں کو کوئی تحفظ فراہم نہیں کیا جا رہا جبکہ لاہور جانے کے لیے صرف ایک یہی راستہ ہے۔ یہاں قریب علاقوں میں کئی آبادیاں آ کر بس گئی ہیں جن سے متعلق ہم کچھ نہیں جانتے کہ وہ کس طرح کے لوگ ہیں۔گاؤں کے ایک معزز شخص نے بتایا کہ ہمیں نہیں لگتا اس واردات میں مقامی لوگ ملوث ہیں کیونکہ پہلے پیش آنے والے واقعے میں ملوث لوگوں کا تعلق بھی سگیاں سے نکلا تھا۔اب تک گاؤں سے کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔