پشاور (ویب ڈیسک) بی آر ٹی پشاور بس کو حادثہ، 3 افراد زخمی، جمعہ کی شب کو پیش آئے واقعے کے بعد روٹ کو فوری بند اور مسافروں کو پیدا اسٹاپ تک جانے پر مجبور کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ہی آپریشن ہونے والی پشاور بی آر ٹی کی ایک بس کو جمعہ کی شب حادثہ پیش آیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی شب کو بی آر ٹی مین روٹ پر ایک بس کو حادثہ پیش آیا جس کی وجہ سے بس میں موجود 3 مسافر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ حادثے کے بعد تمام مسافروں کو بس سے اتار کر پیدل اسٹیشن تک جانے کیلئے مجبور کیا گیا۔
اس دوران مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے کرایہ واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔ جبکہ حادثے کے بعد روٹ کو فوری بند کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ بی آر ٹی پشاور منصوبہ ڈھائی سال سے زائد عرصے کے بعد مکمل ہوا ہے، جس کا افتتاح کچھ روز قبل وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کیا گیا تھا۔ افتتاح کے بعد منصوبے کے حوالے سے کچھ تکنیکی مسائل سامنے آئے ہیں۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت کو موقف ہے کہ منصوبے کے آپریشنل ہونے کے بعد ایسے مسائل سامنے آئیں گے، جنہیں جلد ہی ٹھیک کر لیا جائے گا۔ منصوبےمیں شامل کچھ چیزیں تاحال مکمل نہیں ہوئیں، جن میں فیڈر روٹس بھی شامل ہیں۔ فیڈر روٹس کو اگلے چند روز کے دوران مکمل کر کے آپریشنل کر دیا جائے گا۔