لاہور(ویب ڈیسک)لائسنس فیس پر ود ہولڈنگ ٹیکس 75 ہزار روپے ختم، پاکستان فروٹ و سبزی مارکیٹس اتحاد کا سبزی فروٹ کی کتنی قیمت کم کرنے کا اعلان؟پاکستان فروٹ و سبزی مارکیٹس اتحاد کی جانب سے لائسنس فیس پر ود ہولڈنگ ٹیکس ختم ہونے پر ملک بھر میں سبزی و فروٹ کی قیمتوں میں20سے 30فیصد تک کمی کرنے کا اعلان کر دیا ،جبکہ آڑھتیوں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان کمیٹیاں تشکیل دینے کی تجویز دیدی ہے ۔ذرائع کے مطابق صدر آل پاکستان فروٹ و سبزی مارکیٹس اتحاد چودھری ظہیر احمد کی جانب سے ملک بھر کی منڈیوں کے نمائندوں سے رابطے کئے گئے
جس میں حکومت کی جانب سے لائسنس فیس پر ود ہولڈنگ ٹیکس 75ہزار روپے ختم کرنے کے اعلان کے بعد آڑھتیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اب پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے جس پر فیصلہ کیا گیا کہ ایک تو سبزی و پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے گی جبکہ عام دکانوں میں عوام کو سستا پھل و سبزی مہیا کرنے کیلئے ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ضلعی انتظامیہ کمیٹیاں تشکیل دے کیونکہ عام مارکیٹ میں تاجر ہول سیل مارکیٹ سے تین گنا زائد قیمت وصول کر کے عوام کو لوٹ رہے ہیں ۔ اس حوالے سے کمشنر لاہور کو درخواست بھی دے دی گئی ، چودھری ظہیر نے روزنامہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات شروع کر دئیے گئے اور جلد انتظامیہ کے ساتھ بیٹھ کر لائحہ عمل تیار کر لیا جائے گا ۔