Thursday November 28, 2024

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رحجان، 34 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی

کراچی : پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رحجان، 34 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی ہے۔ شرح سود میں کمی کے اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نظر آنے لگے ہیں 100 انڈیکس میں 203.43 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد 34 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر بحال ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ رواں ہفتے خبریں سامنے آئی تھیں کہ وفاقی حکومت ایک مرتبہ شرح سود میں ممکنہ طور پر کمی کرنے جا رہی ہے جس کے بعد سرمایہ کاروں نے ٹریڈنگ میں بھرپور دلچسپی لی۔
رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران حصص مارکیٹ میں تیزی کے باعث 34 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئیں ۔ آج کاروبار کا آغاز محتاط انداز میں ہوا، پہلے ہی گھنٹے کے دوران 88 پوائنٹس کی تیزی دیکھنے کو ملی، تیزی کا تسلسل آگے بڑھ کر چلتا رہا، تاہم سرمایہ کار شرح سود میں کمی کا انتظار کرتے رہے۔
واضح رہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کر دی ہے جس کے بعد شرح 19 ماہ کی کم ترین سطح 8 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

ایک موقع پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 34041.44 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 203.43 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 34008.33 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.6 فیصد بہتری دیکھی گئی جبکہ 12 کروڑ 22 لاکھ 59 ہزار 585 شیئرز کا لین دین ہوا۔ دوسری جانب ملک میں زرمبادلہ کے ذخائرکا حجم 18.744 ارب ڈالرہوگیا۔سٹیٹ بنک آف پاکستان کے مطابق 8 مئی کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران سٹیٹ بنک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرمیں 59 ملین ڈالر کی کمی آئی۔ اس وقت سٹیٹ بنک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرکاحجم 12.7 ارب ڈالرہے،کمرشل بنکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرکاحجم 6.473 ملین ڈالرہے، اس وقت ملک میں زرمبادلہ کے ذخائرکاحجم 18.744 ارب ڈالرہے۔

FOLLOW US