کراچی (ویب ڈیسک) سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک کے ترجمان نے پاکستان کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی تصدیق کر دی۔ کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ’فیس بک پاکستان میں کورونا وائرس کی درست معلومات کی فراہمی کے لیے کام کررہا ہے، اس حوالے سے حکام وزارتِ صحت سے براہ راست رابطے میں مکمل رابطے ہیں۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ فیس بک نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس کے حوالے سے باخبر رہنے کے لیے چار پہلوؤں پر توجہ مرکوز رکھی ہوئی ہے۔
اس ضمن میں وزارت قومی صحت پاکستان، عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف جیسے اداروں کے ساتھ مل کر حقائق کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ فیس بک کا کہنا تھا کہ ’ہماری کوشش ہے کہ ہر شخص کے پاس کورونا سے متعلق درست معلومات پہنچے اور غلط یا بے بنیاد خبروں کا پھیلاؤ روکا جائے، اس کے ساتھ ہی امدادی کاوشوں، مقامی حکومتوں اور تاجروں کو بھی پلیٹ فارم کے ذریعے مدد فراہم کی جائے‘۔ فیس بک کا کہنا ہے کہ وہ چھوٹے و بڑے پیمانے پر پاکستانی حکومت، علاقوں اور کاروباری افراد کے ساتھ کام کررہا ہے تاکہ اس مشکل وقت میں راستہ نکالنے کے لیے سب کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی طاقت سے لیس کیا جائے۔ یاد رہے کہ فیس بک نے کورونا وائرس کے حوالے سے غلط خبروں کی حوصلہ شکنی کے لیے حال ہی میں اپنے پلیٹ فارم پر انفارمیشن سینٹر بھی متعارف کرایا جہاں لوگوں کو مستند معلومات فراہم کی جاتی ہے۔