لاہور (ویب ڈیسک )سینئر وزیرپنجاب وصوبائی وزیرخوراک عبدالعلیم خان نے گندم کی نقل وحرکت روکنے کیلئے پنجاب بارڈر سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی زیرصدارت گندم خریداری سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان و سیکرٹری فوڈ وقاص محمود نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر خوراک کا کہنا تھاپنجاب کے تمام بارڈر سیل کردیئے جائیں،گندم باہر نہیں جائے گی۔گندم خریداری کا ہدف حاصل ہونے تک گندم کہیں نہیں بھیجیں گے ، دیگر صوبوں کے ساتھ گندم خریداری کے باقاعدہ معاہدے ہونگے ،کسی پرائیویٹ خریدار کو پنجاب سے گندم اٹھانے کی اجاز ت نہیں ہوگی۔
رمضان المبارک میں گندم اور آٹے کی قلت نہیں ہونی چاہیے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گندم کیلئے مربوط پالیسی بنا رہے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ گندم خریداری کیلئے تمام معاملات کو تحریری شکل دی جائے ۔ علاوہ ازیں جنوبی پنجاب میں گندم کی ترسیل کی شکایات پر سینئر وزیر نے محکمہ خوراک کے سینئر افسروں کو 24گھنٹے میں جنوبی پنجاب پہنچنے کی ہدایت کر دی۔ سینئر وزیر نے ڈی جی خان، بہاولپور، گوجرانوالہ ، بہاولنگر،راجن پور،مظفر گڑھ اور لیہ کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزسے بھی گفتگو کی ۔ ان کا کہنا تھا پنجاب کے کسی ضلع میں بھی گندم کی نقل و حمل پر پابندی نہیں ،آئندہ ہفتے خود بھی جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ کروں گا۔سینئر وزیر نے جنوبی پنجاب میں گندم خریداری پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ۔انکاکہنا تھا ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر گندم خریداری مہم کی تفصیلات بھجوائے ۔سینئر وزیر نے سیڈ کمپنیوں سے متعلق امور کے حل کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ۔ ادھر سینئر وزیر کی ہدایات پر محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے میں گندم کی نقل و حرکت کی اجازت دے دی ۔محکمہ خوراک کے مطابق گندم اور چینی کی چوری کو روکنے کیلئے نیا آرڈیننس جلد لایا جائے گا ۔