لاہور (نیوز ڈیسک ) آزاد کشمیر کے کچھ علاقوں میں ہفتے کے روز غیر متوقع برفباری، ملک کے دیگر علاقوں میں پیر کے روز سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، موسم گرما کے آغاز میں مزید تاخیر ہوگی۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں ہفتے کے روز غیر متوقع برفباری نے موسم سرد کر دیا۔ملک کے دیگر علاقوں کی طرح آزاد کشمیر میں بھی سال کے اس وقت میں موسم قدرے معتدل ہو جاتا ہے، تاہم اب وادی نیلم میں غیر متوقع برفباری ہوئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیر کے روز سے ملک کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بالائی خیبر پختونخواہ،خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان، کشمیر اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔بتایا گیا ہے کہ رواں سال غیر متوقع بارشوں اور برفباری کے باعث موسم بہار بھی طویل ہوتا نظر آ رہا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا بہار کا موسم ماضی کے مقابلے میں طویل ہو گیا ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ موسم بہار اپریل کے اختتام تک رہ سکتا ہے۔ ماضی کی موسمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلے مارچ کے اختتام پر ہی سخت گرمی ہو جاتی تھی۔موجودہ موسم کی صورتحال کا احوال بتاتے ہوئے سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ اپریل میں صرف دو سے تین دن ہی گرمی پڑے گی ۔ باقی دنوں میں گرمی کا روز زیادہ نہیں ہوگا، محکمہ موسمیات نے گزشتہ رات سے پاکستان میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا ۔ ہواؤں کا یہ سلسلہ آج ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا اور یہ سلسلہ پیر تک بالائی علاقوں میں موجود رہے گا محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے نتیجے میں اگلے ہفتے کے دوران خیبر پختونخوا،پنجاب،اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیزہواؤں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے اور اس دوران بعض مقامات ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔