تہران (ویب ڈیسک) ایران کی انسٹا اسٹار فاطمی خشوند میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد انہیں تہران کے سینا اسپتال میں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔انجلینا جولی سے مشابہت رکھنے کے باعث انہیں سوشل میڈیا پر ‘زومبی انجلینا جولی’ کہا جاتا ہے اوروہ کافی عرصہ سے جیل میں قید ہیں۔ایران میں انسانی حقوق کے امریکی مرکز کے مطابق فاطمی خشوند کی بیماری کا انکشاف ہیومن رائٹس وکیل پیام دیر افشاں نے کیا ہے۔وکیل دیرافشاں کا کہنا ہے کہ زومبی جن دفعات کے تحت قید ہیں ان میں متعدد قیدیوں کو اس وبائی صورتحال میں عارضی طور پر رہائی مل گئی ہے
تاہم زومبی کی متعدد اپیلوں کے باوجود ضمانت منظور نہیں کی جا رہی۔انہوں نے کہا کہ ہم متعدد مرتبہ جج مغیش کے دفتر گئے کہ زومبی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کیا جائے تاہم انہوں نے انکار کر دیا۔اکتوبر2019ء میں ایرانی انسٹا سٹار کو متعدد الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا جن میں توہین مذہب اور نوجوانوں کو بے راہ روی کا شکار کرنا شامل ہے۔دیرافشاں نے کہا کہ اب کورونا وباء کے پھیلاؤ کی وجہ سے ہم زومبی کی رہائی چاہتے ہیں اور اس کے لیے عدالت میں موجود ہیں لیکن ہمیں جج مغیش نہیں مل رہے، وہاں موجود اسٹاف کا کہنا ہے کہ وہ یہیں ہیں لیکن ہمیں نظر نہیں آرہے۔امریکی مرکز کے مطابق جس جیل میں زومبی قید ہیں اس کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہوئیں۔فاطمی خشوند کا انسٹا گرام پر’ ساحر تبار‘کے نام سے اکاؤنٹ تھا جسے اب ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔اینیمٹڈ کارٹون کے کردار زومبی جیسی بننے کی خواہش کی وجہ سے فاطمی خشوند نے متعدد بار سرجری کرائی، کچھ عرصہ قبل سٹیٹ ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں بچپن سے مشہور ہونے کا شوق تھا۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایران میں اب تک 78 ہزار افراد کورونا وباء سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ رپورٹ ہونیوالی اموات کی تعداد 4800 ہے۔