اسلام آباد(ویب ڈیسک)پنجاب کے وزیراطلاعات ونشریات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مریم نواز کی دوبارہ سیاست میں انٹری کا مقصد صرف بیرون ملک جانا ہے جوممکن نہیں،مریم نوازکےپیچھے اینٹی پاکستان لوگ ہوتے ہیں جوریاست کوتوڑناچاہتےہیں،بیگم صفدر جب بھی زبان کھولتی ہیں تو آلِ شریف پر عذاب نازل ہوتا ہے، اب پھر کوئی قہر نازل ہوگا،نوازشریف اور شہبازشریف کی سیاست، کاروبار اور سب کچھ مریم کی وجہ سے ڈوبا، شاہد خاقان عباسی کو کیا نمازیں پڑھنے پر سزاء ملی؟ سوشل اور الیکٹرانک میڈیا کا دور ہے اور بچہ بچہ جانتا ہے کہ ان لوگوں نے لوٹ مار،
کرپشن اور منی لانڈرنگ کے7500 کیسز ہیں۔مریم نواز کی میڈیا سے گفتگو پر اپنے ردعمل میں صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مریم نواز زبان کھولتی ہیں تو اس کے بعد آلِ شریف پر کوئی نہ کوئی عذاب نازل ہوتا ہے اور یہ سب عذاب ان پر اللہ کی طرف سے ہے، اب یہ دوبارہ بولنا شروع ہو گئی ہیں کہ مجھے میڈیا پر نہیں دکھایا جاتا اور میڈیا پر پابندی ہے تو آج ان کو میڈیا صبح سے دکھا رہا ہے کیا یہ پابندی ہے؟۔انہوں نے کہاکہ مریم نواز نے جب بھی کچھ بولا تو جھوٹ ہی بولا ہے، یہ ملک و قوم کی مجرم ہیں اور عدالتوں سے سزا یافتہ ہیں اوران کا طرز عمل دیکھیں کہ جیسے یہ پاکستان کی معروف اور پسندیدہ شخصیت ہوں؟مریم نواز شریف اپنے ایشو پر دوبارہ اپنے کارکنوں کو جذبات کرنا چاہتی ہیں لیکن وہ ایسا نہیں کرسکیں گی کیونکہ مریم کےوالدمحترم پچھلے پانچ ماہ سےلندن جاکر جو عیاشیاں کررہے ہیں وہ سب جانتے ہیں، یہ لوگ عدالتوں کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے، عوام تو نواز شریف کا علاج دیکھنا چاہتی ہے لیکن مریم نواز کی زندگی کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ ان کو کسی طرح باہر بھجوایا جائے اور یہ ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈرانے دھمکانے کا کام آلِ شریف کا ہے،ان لوگوں نے ججز کو ڈرایا، ارشد ملک کی ویڈیوز بنائیں، ملکی اداروں ڈرایا دھمکایا، نوازشریف اور شہبازشریف سمیت لیگیوں کے نت نئے منی لانڈرنگ، کرپشن، جعلی اکاؤنٹس،
شوگر ملوں کے نام پر لوٹ مار کے کارنامے سامنے آ رہے ہیں اور انہی غلطیوں کے باعث آج ن لیگی ایم پی ایز اور ایم این ایز ان کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکررہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے شاہد خاقان عباسی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو نمازیں پڑھنے پر گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ ان لوگوں کے 7500 لوٹ مار کے کارنامے ہیں میں کون کون سے بتاؤں؟یہ سوشل میڈیا کا دور ہے اور عوام ان کے کرتوت اور کارنامے اچھی طرح جانتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مریم نواز نےاپنےوالد، شہبازشریف،حمزہ سمیت آلِ شریف کی سیاست،کاروبار اور معیشت کی کشتی ڈبوئی ہے، محترمہ کے پیچھے پرویز رشید جیسے اینٹی پاکستان لوگ کھڑے ہیں جنہوں نے مریم کا دماغ خراب کیا اور مریم نے اپنے والد کا دماغ خراب کیا ،اس طرح ن لیگی قیادت نے اپنی ساری سیاسی کشتی غرق کرلی ہے۔









