Tuesday November 25, 2025

مجھے چوہدری نثار سمجھنے کی کوشش مت کرنا،ہمت ہے تو۔ناراض رکن اسمبلی نشاط ڈاہا کا (ن) لیگی قیادت کوکھلاچیلنج

لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کرنے والے ناراض (ن) لیگی رکن پنجاب اسمبلی نے اپنے پارٹی قائدین کو چیلنج کیا ہے کہ اگر ان میں جرات ہے تو پارٹی سے نکال کر دکھائیں۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے (ن) لیگ کے ناراض رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاہا نے کہا کہ وزیراعلی نے ملاقات کرنے والوں کو فنڈز دے دیئے ہیں، جتنے فنڈز مانگے اتنے ہی مل گئے۔ ہمارے خلاف کارروائی کرنا اتنا آسان نہیں، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا یہ کوئی کارروائی کرسکیں، پارٹی قیادت میں جرات ہے تو انہیں نکال کر دکھائیں۔

(ن) لیگ میں فارورڈ بلاک بننے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر نشاط ڈاہا نے کہا کہ کچھ بھی ناممکن نہیں لیکن ابھی فوری طور پر فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، ابھی تو وزیراعلی کو فنڈز اور حلقے کے مسائل کے حل کے لئے ملے ہیں، ارکان اکیلے اکیلے وزیراعلی سے مل رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے 20کے قریب ارکان پنجاب اسمبلی وزیر اعلٰی سے الگ الگ ملاقات کرچکے ہیں لیکن وہ سامنے نہیں آرہے۔واضح رہے کہ نشاط ڈاہا نے پارٹی قیادت کے علم میں لائے بغیر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی۔جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے وزیراعلی پنجاب سے ملنے والے اپنے 6 اراکین اسمبلی کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی جس پر (ن) لیگ نے اپنے اراکین اسمبلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے اپنے اراکین کی وزیراعلٰی پنجاب سے ملاقات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ میرے علم میں آیا ہے اس پر پارٹی میں مشاورت ہوگی اور جو بھی فیصلہ ہو گا اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور حکمران وفاداریاں تبدیل کرانے میں مصروف ہیں، مسلم لیگ (ن) کے اراکین کی وفاداریاں تبدیل کرنے کی کوششیں پہلے ناکام ہوئی ہیں، آج الیکشن ہو جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔