کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 1200 پوائنٹس کی شدید مندی ہوگئی، مارکیٹ میں1207پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس 39 ہزار سے نیچے 38 ہزار174 پرآگیا ہے، گزشتہ ہفتے میں بھی مارکیٹ میں1200پوائنٹس کی کمی سے سرمایہ کاروں کے 160 ارب ڈوب گئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز شدید مندی دیکھنے میں آئی۔کاروبار کے آغا زسے اب تک100انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ شدید مندی کے باعث انڈیکس ایک بار پھر39 ہزار کی حد سے نیچے چلا گیا ہے۔1207 پوائنٹس کی کمی سے مارکیٹ 38 ہزار174پر آگئی ہے۔
واضح رہے گزشتہ ہفتے بھی کاروبار میں شدید مندی رہی، گزشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں 40200 کے آغاز سے کاروبار کا آغاز ہوا اور 39200 کے اختتام تک مندی کی 11 حدیں گرگئیں، جس سے مارکیٹ میں 1105 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔مارکیٹ میں مندی سے 100 انڈیکس میں 2.8 فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ بتایا گیا کہ اسٹاک ایکسچینج مارکیٹ میں شدید مندی سے سرمایہ کاروں کے 150 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔ دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معیشت کو کورونا وائرس کے باعث اربوں روپے کے نقصان پہنچنے کے خدشے سے آگاہ کردیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو کورونا وائرس کے باعث ممکنہ طور پر 4 ارب95 کروڑ ڈالر نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر ہے۔اے ڈی بی نے اپنی رپورٹ میں مزید بتایا کہ پاکستان میں زراعت سیکٹر کو ڈیڑھ ارب ڈالر، تجارت، پبلک سروسز کو ایک ارب 94 کروڑ ڈالر کا نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ریسٹورنٹ، مینوفیکچرنگ، تعمیرات سمیت ٹرانسپورٹ اور یوٹیلٹی سروسز بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث چین سے سپلائی لائن متاثر ہونے سے بھی شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔چین سے سپلائی لائن متاثر ہونے سے پاکستان میں تقریباً ساڑھے9 لاکھ افراد بے روزگار ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس کے باعث فضائی کمپنیوں کو 63 ارب سے 113 ارب ڈالر تک نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔