لاہور (ویب ڈیسک )نجی ہاوسنگ سوسائٹی پیرا گون نے معروف کامیڈین امان اللہ کو قبر کے لیے جگہ دینے سے انکار کردیا ۔نجی نیوز چینل دنیا نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان قبر کے لیے جگہ دلوانے قبرستان پہنچے جہاں انتظامیہ کی جانب سے جگہ نہ دینے پر فیاض الحسن چوہان کی سوسائٹی کے ملازمین کے ساتھ تکرار ہو گئی تاہم پھر معاملہ طے پاجانے کے بعد فیاض الحسن چوہان نے اپنی نگرانی میں قبر تیار کرائی ۔واضح رہے کہ قہقہوں کے بادشاہ، معروف کامیڈین امان اللّٰہ اپنی بیماری سے لڑتے لڑتے آج خالقِ حقیقی سے جا ملے، ان کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ عصر ادا کی جائے گی۔
کامیڈین و اداکار امان اللّٰہ کو 2018ء سے گردوں اور پھیپھڑوں کے امراض لاحق تھے، اب بھی گزشتہ ایک ہفتے سے وہ لاہور کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔دو روز قبل امان اللّٰہ کو حالت زیادہ بگڑنے پر آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر شفٹ کر دیا گیا تھا تاہم آج صبح وہ انتقال کر گئے۔ان کے انتقال کی خبر پھیلنے کے بعد پوری انڈسٹر ی میں سوگ کی فضا پیدا ہو گئی، الحمراء انتظامیہ کی جانب سے امان اللّٰہ کی وفات کے بعد ایک روزہ سوگ کے ساتھ آج الحمراء میں کوئی بھی اسٹیج ڈرامہ نہ کروانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔امان اللّٰہ نے غریب گھرانے میں آنکھ کھولی، لیکن اپنی کامیڈی سے 66 سالہ زندگی کو شاندار بنا ڈالا، انہوں نے پاکستان سمیت بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جس پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے انہیں تمغۂ حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔اہل خانہ کے مطابق امان اللّٰہ خان 1954ء میں گوجرانوالہ کے غریب گھرانے میں پیدا ہوئے، لڑکپن سے خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے پھیری لگا کر چیزیں بیچتے رہے، مزاح شروع سے ہی ان کی طبیعت کا حصہ تھا۔جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق اسٹیج، ٹی وی
اور فلم کے معروف کامیڈین امان اللّٰہ کےانتقال پر معروف شخصیات نے سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کیا۔اسٹیج، ٹی وی اور فلم کے معروف کامیڈین امان اللّٰہ انتقال کر گئے، مرحوم کافی عرصے سے گردوں اور پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے، اِسی حوالے سے مختلف شخصیات نے سوشل میڈیا پر تعزیت کا اظہار کیا۔پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار ہمایوں سعید نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر امان اللّہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھاکہ ’امان اللّہ صاحب ایک لیجنڈ اور کامیڈی کے بادشاہ تھے، اللّہ تعالیٰ اُن کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اُن کی روح کو سُکون دے، آمین۔‘معروف گلوکار علی ظفر نے ٹوئٹر پر امان اللّہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ وہ انسان ہیں جنہوں نے کئی سال فن کے ذریعے آپ کو محظوظ کیا، آپ کو ہنسایا اور آپ کو خوشیاں دیں۔‘علی ظفر نے لکھا کہ ’آج اِن کے لیے خاص دُعا کیجیے گا، کمال انسان تھے۔‘سماجی کارکن منیبہ مزاری نے ٹوئٹر پر امان اللّہ کے ہمراہ اپنی تصاویر شیئر کیں اور وہ الفاظ لکھے جو کامیڈی کے بادشاہ امان اللّہ نے اُن سے کہے تھے۔منیبہ مزاری نے لکھا کہ’بیٹا، جب بھی اُداس ہو تو مجھے فون کرلینا میں آپ کو ہنسا دوں گا۔‘سابق کرکٹر رمیز راجا نے ٹوئٹر پر امان اللّہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب میں یونیورسٹی میں تھا تو اپنے دوستوں کے ساتھ امان اللّہ کے ڈرامے دیکھتا تھا اور وہ ایک یادگار ہنسی تھی ایسا لگتا ہے کہ جیسے کل کی ہی بات ہے۔