Tuesday November 25, 2025

وزیراعظم نعیم الحق کی خبر سنتے ہی آبدیدہ ہوگئے

لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان دیرینہ دوست کے انتقال کی خبر سنتے ہی آبدیدہ ہوگئے، وزیراعظم نے نعیم الحق کی وفات پر اظہار افسوس کیا، نماز جنازہ میں شرکت کیلئے کل کراچی جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دیرینہ ساتھی کی وفات پر اظہار افسوس کیا اور دیرینہ دوست کے انتقال کی خبر سنتے ہی آبدیدہ ہوگئے۔وزیراعظم نعیم الحق کے نمازجنازہ میں شرکت کیلئے کل کراچی جائیں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ کابینہ ارکان بھی ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے نعیم الحق کی فیملی سے ربطہ کرکے اظہار افسوس کیا اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی پی ٹی ئی سینئر رہنماء نعیم الحق انتقال کرگئے ہیں۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں نعیم الحق کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے کہا کہ نعیم الحق نے شیر کی طرح

کینسر کی بیماری کا مقابلہ کیا۔ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان اپنے قریبی دوست نعیم الحق کی عیادت بھی کرکے آئے تھے۔ نعیم الحق بلڈ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ نعیم الحق پی ٹی آئی کے سینئر بانی رہنماء اور وزیراعظم عمران خان کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔ نعیم الحق کو بیماری کی شدت بڑھنے پر نجی ہسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے نعیم الحق کی عیادت کی تھی اور دوستوں اور رشتہ داروں نے جلد صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل کی تھی۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے نعیم الحق کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الحق پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے، نعیم الحق وزیراعظم کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتے تھے، نعیم الحق کے دنیا سے جانے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان ہے، دعا گو ہوں اللہ تعالیٰ ان کیلئے آخرت میں درجات بلند فرمائے۔