Monday September 8, 2025

کرونا وائرس متحدہ عرب امارات میں بھی پہنچ گیا

دُبئی(نیوز ڈیسک )متحدہ عرب امارات انتظامیہ کی جانب سے ملک میں پہلے کرونا وائرس سے متاثرہ کیس کی تصدیق کردی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق متاثرہ فیلمی چین کے ووہان شہر سے واپس آئی ہے۔متحدہ عرب امارات کے وزیر صحت کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ فیملی کی حالت بہتر ہے، اہل خانہ نے حال ہی میں چین کا سفر کیا تھا۔ متاثرہ فیملی کو انتہائی نگہداشت کے شعبہ میں رکھا گیا ہے، جہاں مسلسل ان کی نگرانی جاری ہے۔ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق خطرناک کرونا وائرس ایک انسان سے دوسرے انسان میں تیزی سے منتقل ہو رہا ہے، جو خطرناک سارس وائرس کی ایک قسم ہے، جب کہ دیگر افراد میں بھی وائرس کی موجودگی کے پیش نظر

ایئرپورٹس اور اہم انٹری پوائنٹس پر اسکینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں۔یو اے ای انتظامیہ کے مطابق وائرس کی بروقت تشخیص اور روک تھام کیلئے 24 گھنٹے عملہ کام کر رہا ہے۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ چین میں اب تک خطرناک وائرس سے 132 افراد ہلاک، جب کہ 6000 افراد اب تک اس سے متاثر ہوئے ہیں۔کرونا وائرس نے امریکا، بھارت، جاپان، سعودی عرب، تھائی لینڈ، سنگاپور، فن لینڈ، تائیوان، جنوبی کوریا اور نیپال کے بعد فرانس اور ملائیشیا کا بھی رخ کر لیا۔امریکا، فرانس ، بھارت، سعودی عرب، جاپان، تھائی لینڈ، نیپال، جنوبی کوریا سمیت دیگر ممالک کے ایئرپورٹس پر وائرس کی روک تھام کیلئے مسافروں کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔