اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مشہور ولاگر و بائیک ٹریولر روزی گیرئیل کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے،ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک عالم دین انہیں کلمہ پڑھا کر مسلمان کر رہے ہیں۔جب کہ روز نے یہ ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر شئیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اسلام کی طرف لوٹ آئی ہوں۔عالم دین روزی کو اسلام کے بنیادی عقائد کے بارے میں تفصیل سے بتایا جب کہ مختصر تعارف کے بعد روزی کو کلمہ طیبہ پڑھایا جاتا ہے۔اس موقع پر موجود لوگوں نے روزی کو اسلام قبول کرنے پر مبارکباد بھی دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں گواہی دیتی ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور حضرت محمد ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری نبی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آپ لوگوں کی موجودگی میں بھی کلمہ پڑھ کر مسلمان ہو سکتے ہیں جب کہ خود سے سرگوشی کرتے ہوئے کلمہ پڑھ کر بھی ہو سکتے ہیں۔یہ دراصل آپ کی نیت پر منحصر ہے،کیونکہ آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ آپ کیا کہہ رہے ہیں اور آپ سچے دل سے اس راستے پر چل رہے ہیں۔اس سچائی کو شئیر کرنا بہت ضروری تھا کہ اسلام امن ،محبت اور یکجہتی کا نام ہے۔ غیر مسلم یہاں تک کہ مسمانوں کی جانب سے اسلام کے بارے میں غلط باتیں پھیلائی جاتی ہیں۔بہت سالوں سے گہری روحانی راہ پر گامزن ہوں ، اور ایک مسلمان ملک میں ، خاص طور پر پاکستان کے سفر کے بعد اتنے سال گزارنے کے بعد ، میں نے بہت کچھ سیکھا۔میں نے اپنے اور خدا کے بارے میں جانا۔
خیال رہے کہ موٹر سائیکل پر تنہا پاکستان کا سفر کرنے والی کینیڈین خاتون سیاح روزی گیبریل نے اسلامی تعلیمات اور پاکستانی ثقافت سے متاثر ہوکر اسلام قبول کیا تھا۔محض ایک سال قبل روزی گیبریل ایک موٹر سائیکل کے ساتھ پاکستانی کلچر اورخوبصورتی کے بارے میں جاننے کیلئے آئیں اور تنہا موٹر سائیکل پر پاکستان کو دریافت کرنے نکل پڑیں۔روزی نے انسٹاگرام پر چند تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ اپنے ہاتھوں میں قرآن پاک کو تھامے ہوئے چہرے پر پاکیزہ مسکراہٹ سجائے ہوئے ہیں ایک اور تصویر میں انہوں نے سر پر حجاب بھی باندھا ہوا ہے۔ تصویر کے ساتھ روزی نے خوشخبری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسلام قبول کرلیا ہے۔دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی خوشخبری کے ساتھ ہی روزی نے کہا گزشتہ سال میرے لیے کافی مشکل تھا۔خالق کائنات نے مجھے پاکستان بھیجا صرف اس لیے نہیں کہ میں خود کو چیلنج کروں اور اپنے درد کو بھول جاؤں بلکہ مجھے راستہ دکھانے کے لیے۔بدقسمتی سے اسلام وہ مذہب ہے جس کی دنیا بھر میں غلط تشریح کی جاتی ہے اور سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ دیگر مذاہب کی طرح یہاں بھی بہت ساری تشریحات ہیں لیکن اسلام کے اصل معنی امن، محبت اور اتحاد کے ہیں۔ یہ صرف مذہب نہیں ہے بلکہ زندگی جینے کا راستہ ہے۔