Monday January 20, 2025

محمد بن سلمان نے وزیراعظم سے کیا وعدہ پورا کردکھایا، سعودی عرب نے 1245پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سعودی عرب نے 1245پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مملکت کی مختلف جیلوں میں پاکستانی قیدی مختلف جرائم میں سزائیں کاٹ رہے تھے جنہیں آج رہا کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے کہاہے کہ سعودی عرب نے 1245 پاکستانی قیدیوں کو جیلوں سے رہا کر دیاہے جبکہ پاکستانی حکام مزید قیدیوں کی رہائی کیلئے سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں ۔ذرائع کے مطابق رہا ہونے والے پاکستانی بہت جلد پاکستان پہنچ جائیں گے۔ عرب میڈیاکے مطابق فروری میں پاکستان کی وزارت اطلاعات نے اعلان کیا تھا کہ سعودی ولی عہد نے اسلام آباد دور ے کے دوران 2100 پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیاہ ۔

سعودی ولی عہد کے دورے کے بعد سے سعودی جیلوں سے رہا ہونے والے 1245 قیدیوں کے علاوہ تقریبا 3400 افراد کو مکہ، ریاض، دمام اور تبوک سمیت دیگر شہروں کے ڈی پورٹیشن کیمپس سے رہا کیا گیاہے۔زلفی بخاری نے کہا سعودی حکومت پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لیے اپنے وعدوں پر تیزی سے عمل پیرا ہے تاہم صحیح طریقہ کار کو وضع کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، قیدیوں کو رہا کرنے پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید قیدیوں کی رہائی ممکن ہوسکے گی۔واضح رہے رواں برس کے آغاز پر وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان پر سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے۔

FOLLOW US