Tuesday January 21, 2025

شہزادی کیٹ مڈلٹن کے دیدہ زیب لباس دیکھ کر سعودی خواتین بھی پاکستانی ملبوسات پر مر مِٹیں

ریاض : گزشتہ دِنوں برطانوی شہزادی کیڈ مڈلٹن اپنے شوہر شہزادہ ولیم کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر آئیں۔ اس دوران انہوں نے خالصتاً پاکستانی لباس اور زیورات زیبِ تن کیے رکھے۔ پاکستانی ملبوسات میں وہ اس قدر پُروقار اور پُرکشش نظر آئیں کہ صرف پاکستانی عوام ہی نہیں، بلکہ دُنیا بھر میں اُن کی تصویریں وائرل ہو گئیں۔
سعودی عرب میں بھی کیٹ مڈلٹن کے پہنے ہوئے دیدہ زیب پاکستانی ملبوسات نے سعودی خواتین کے ایسے دِل موہ لیے کہ وہ بھی اب دھڑادھڑ پاکستانی ملبوسات اور زیورات کے آرڈر دیتی پھر رہی ہیں۔ ایک سعودی خاتون لیلیٰ نے ٹویٹر پر کیٹ مڈلٹن کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میرے کبھی وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ پاکستانی ملبوسات اتنے زبردست ہوتے ہیں۔

اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ان میں عورت کے مشرقی پن اور حیا کی تقدیس کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ ایک اور سعودی خاتون رملہ نے انسٹا گرام پر کمنٹ کیا ”میں تو واقعی پاکستانی لباس کی دیوانی ہو گئی ہوں۔ یہ لباس اتنے مکمل ہیں کہ ان کے بعد عبایہ اوڑھنے کی بھی ضرورت نہیں۔ صالحہ نامی ایک سعودی لڑکی نے کیٹ کے نیلے جوڑے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کیٹ نے جتنے بھی پاکستانی لباس پہنے ، سارے ہی خوبصورت تھے، مگر جتنی دلکشی نیلے سُوٹ میں تھی، اُس کا تو کوئی ثانی نہیں۔ حیات نامی ایک لڑکی نے کہا کہ ہمیں لگتا ہے اگلے ایک ماہ کے دوران سعودی لڑکیاں ہر تقریب اور شادی بیاہ کی محفل میں کیٹ کے سٹائل کے ملبوسات پہنے نظر آئیں گی۔ جبکہ ایک سعودی خاتون ہاجرہ نے سوال کیا کہ وہ پاکستانی ملبوسات پر دِل ہار بیٹھی ہیں، ایسے ملبوسات جدہ میں کہاں سے مِل سکتے ہیں؟ جس کے جواب میں ایک خاتون نے بتایا کہ جدہ کے علاقے العزیزیہ میں پاکستانیوں کی کئی دُکانیں ہیں، جہاں تیار شُدہ اور ان سلے دونوں قِسم کے ملبوسات دستیاب ہیں۔جبکہ ان سِلے کپڑوں کو سِلانے کے لیے بعض دُکانوں میں درزی بھی موجود ہیں۔

FOLLOW US