Tuesday January 21, 2025

ہیلری کلنٹن کے ای میل کی خفیہ تحقیقات ۔۔۔ دنگ کر ڈالنے والے راز سامنے آ گئے

واشنگٹن(ویب ڈیسک) ہلیری کلنٹن کی جانب سے نجی ای میل اکاؤنٹ استعمال کرنے کے حوالے سے امریکا میں کافی عرصے سے گرما گرم بحث جاری ہے۔ایف بی آئی کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق ہلیری کی 113 ای میلز میں کلاسیفائیڈ معلومات شامل تھیں اور انھیں نجی سرور سے نہیں بھیجا جانا چاہیے تھا۔ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کومی کا کہنا تھا، ’ ہلیری نے نجی سرور کا استعمال کیا اور اس بات کا امکان تھا کہ غیر ملکی ایجنسیاں ان کی ای میلز ’ہیک‘ کر سکتی تھیں۔ تاہم ان کی ای میلز کو ہیک کیے جانے کے شواہد نہیں ملے۔

یاد رہے کہ ہلیری کلنٹن نے 2014 میں اپنی ای میلز کا ایک بڑا حصہ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کیا تھا، تاہم تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ہزاروں ای میلز اب بھی ان کے سامنے نہیں لائی گئیں۔اب ایک خبر کے مطابق ہیلری کلنٹن کے اپنے دور وزارت خارجہ میں حساس معلومات کے تبادلے اور ترسیل کے لیے محفوظ سرکاری ای میل سرور کے بجائے اپنا نجی اکاؤنٹ استعمال کرکے اہم ملکی معلومات کو عام ہونے کے خطرے سے دوچار کرنے کی تفتیش مکمل ہوگئی ہے جس میں 38 سرکاری ملازمین کو غفلت کا مرتکب قرار دے دیا گیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے اپنے دور وزارت میں نجی ای ميل اکاؤنٹ کے استعمال کا معاملہ ميڈيا کی کافی توجہ کا مرکز بنا رہا ہے جس کی کی تفتيش مکمل ہوچکی ہے جس میں 38 افراد خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔تفتیشی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اہم اور حساس ملکی معلومات کے لیے نجی ای میل استعمال کرنے یا دیگر غفلتیں برتنے کے 38 افراد مرتکب پائے گئے ہیں جن میں زیادہ تر وزارت خارجہ کا عملہ ہے اور ان میں سے ایک کے خلاف کارروائی کا امکان بھی ہے۔ری پبلکن سينيٹر چک گراسلی کو موصول تفتيشی نتائج پر مبنی خط میں کہا گیا ہے کہ خفيہ معلومات کے دانستہ طور پر غلط استعمال يا مسلسل خلاف ورزی کے شواہد نہيں ملے تاہم ہیلری کلنٹن کی جانب سے نجی ای ميل اکاؤنٹ کے استعمال سے حساس معلومات کے عام ہونے کا خطرہ بڑھ گيا تھا۔یاد رہے کہ ہیلری کلنٹن نے ملکی وزير خارجہ کی ذمہ داری سنبھالتے وقت اپنے نجی ای ميل اکاؤنٹ کا بھی استعمال کيا جس پر 2016 ميں تفتیش شروع کی گئی تھی۔ ہلری کلنٹن کے نجی سرور پر 22 ای ميلز کو انتہائی خفيہ مواد قرار ديا گيا تھا جسے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں کافی اُٹھایا تھا اور ووٹرز کی ہمدردیاں سمیٹی تھیں

FOLLOW US