نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھوک تہذیب کے آداب بھلا دیتی ہے اور بعض اوقات یہی بھوک انسان کو قانون بھولنے پر بھی پجبور کر دیتی ہے۔ انسان بھوک ختم کرنے کے لیے غلط راہ کا انتخاب کرتا ہے اور پھر لالچ اسے اسی راستے پر لے چلتا ہے لیکن برائی کا انجام برا ہی ہوتا ہے۔ دنیا میں حکومتوں نے قوانین بنائے ہیں کہ کوئی بھی چیز کسی ایک ملک سے دوسرے ملک میں حکومت کو بتائے بغیر اور ٹیکس ادا کیے بغیر نہیں لے جائی جا سکتی لیکن کچھ لوگ زیادہ پیسے کمانے کے چکر میں ان قوانین کو توڑ بیٹھتے ہیں اور پھر انکا انجام بھی برا ہی ہوتا ہے۔
ایسا ہی واقع پیش آیا بھارت کی ریاست کیرالہ میں جہاں کیرالہ کے علاقے ملاپرم کا رہائشی نوجوان نوشاد شارجہ سے ایک کلو گرام سونا سمگل کرنے کی کوشش میں پکڑا گیا۔نوشاد نے سونا سمگل کرنے کا انوکھا طریقہ اپنایا تھا اور اسنے اپنے سر کے اوپری حصے کے تقریباََ تمام بال کاٹ کر سونا رکھنے کی جگہ بنائی۔ نوشاد نے سونے کو ایک کالے کاغذ میں لپیٹ کر اپنے سر پہ رکھا اور وگ(نقلی بالوں) کو سر پہ پہن لیا تا کہ کسی کو معلوم نہ ہو سکے کہ اس کے سر کے اوپر ایک کلو سونا پڑا ہوا ہے۔تاہم جب نوشاد شارجہ سے کیرالہ پہنچا تو ائیرپورٹ انتظامیہ کو اس پر شک گزرا جس کے بعد انتظامیہ نے اس سے پوچھ گچھ کی اور تلاشی کے دوران اس کے سر پہ موجود وگ کے نیچے سے ایک کلو سونا برآمد ہوا۔ انتظامیہ نے نوشاد کو حراست میں لے لیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے جبکہ نوشاد سے مزید پوچھ گچھ بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ بھارت سونے کے زیورات کی بہت بڑی منڈی ہے اور دنیا بھر میں بھارت کے بنے سونے کے زیور بہت پسند کیے جاتے ہیں لیکن بھارت میں سونے کی بہت زیادہ کھپت کی وجہ سے دوسرے ممالک سے سونا درآمد کرنا پڑتا ہے اور اس کے ٹیکس کی ادائیگی کی وجہ سے سونا مہنگا پڑتا ہے ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے کچھ لوگ سونا سمگل کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن آج کل ٹیکنالوجی کے اس دور میں کوئی بھی چیز چھپا کر ائیرپورٹ سے لے جانا تقریباََ ناممکن ہو گیا ہے اور ایسے ہی نوشاد بھی گرفتار ہو گیا۔